• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران زرداری اتحادممکن نہیں،طاہرالقادری سڑکوں پر آئینگے، شیخ رشید

کراچی(جنگ نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ طاہر القادری سڑکوں پر آنے کے موڈ میں ہیں ،طاہر القادری دو دفعہ بڑے دھرنے دے چکے اب فائنل رائونڈ کھیلیں گے، عمران خان اور آصف زرداری کا کسی قیمت پر انتخابی اتحاد نہیں ہوگا، ضروری نہیں صرف ن لیگ والے استعفیٰ دیں، اپوزیشن والے بھی مستعفی ہوسکتے ہیں، گیارہ دسمبر سے گیارہ مارچ تک سیاست فائنل دوراہے سے گزرے گی ،چوہدری نثار کی طرح ضیاء الحق کے جوتے چاٹ کر یہاں تک نہیں پہنچا ہوں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’لیکن!‘‘ میں میزبان رابعہ انعم سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ ،ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری اور سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب راجا عامر عباس بھی شریک تھے جبکہ نمائندہ جیو نیوز عرفان اللہ سے بھی بات کی گئی۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی طاہر القادری کے کاز میں ان کے ساتھ ہے، طاہر القادری کو کسی ایسی جماعت یا افراد سے نہیں ملایا جاسکتا جو ماورائے آئین باتیں کرتے ہیں، بینظیر بھٹو اور نوابزادہ نصراللہ خان نے بھی طاہر القادری کی قیادت میں کام کیا تھا، اس وقت پیپلز پارٹی آج سے بھی بڑی سیاسی جماعت تھی ۔فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں کوئی نیا دھڑا بننے نہیں جارہا، بابر غوری نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی تو خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔راجا عامر عباس نے کہا کہ نیب کا پراسیکیوٹر جنرل مقرر ہونے تک حدیبیہ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کا مطالبہ درست نہیں ہے، عدالت میں اس مطالبہ پر چیئرمین نیب اور ادارے کی سخت سرزنش ہوگی۔میزبان رابعہ انعم نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے جس طرح بلاتفریق انسانیت کی خدمت کی اسے رہتی دنیا تک بھلانا ناممکن ہے، لیکن لگتا ہے ایدھی کی وفات کے ڈیڑھ برس بعد ہی اس ملک کے شہری انہیں بھلاچکے ہیں، نوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ ایدھی کے ادارے کو فنڈز کی کمی کی وجہ سے اخبار میں اشتہار دینا پڑرہا ہے، فیصل ایدھی اس سے پہلے بھی چندے کی اپیل کرچکے ہیں، ایک قوم ہونے کے ناطے ہم پر فرض ہے کہ ایدھی صاحب کے ادارے کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچائیں۔شیخ رشیدنے کہا کہ ن لیگ ایسی فری سائز جراب ہے جس میں پہلے ایک پائوں، پھر دوسرا پائوں پڑتا ہے، پھر ساری عمارت گرجاتی ہے، ضروری نہیں صرف ن لیگ والے استعفیٰ دیں، اپوزیشن والے بھی مستعفی ہوسکتے ہیں، گیارہ دسمبر سے گیارہ مارچ تک سیاست فائنل دوراہے سے گزرے گی اس دوران کچھ بھی ہوسکتا ہے، اسمبلیاں اپنی توقیر گنواچکی ہیں، اس حکومت میں وزیرخارجہ، وزیرداخلہ، وزیرخزانہ اقامہ والا ہے، ایسا لگتا ہے غیرملکیوں نے پاکستان پر حکومت جمالی ہے، صبح حدیبیہ کیس لگنے کا فیصلہ ہوگیا تو شریف خاندان کی سیاست انجام کو پہنچ جائے گی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، کل کے دوست آج دشمن اور آج کے دشمن کل دوست ہوسکتے ہیں، ضروری نہیں طاہر القادری دھرنے کا فیصلہ فوری کرلیں، دھرنے کیلئے پچھلی دفعہ دو کنٹینر تھے جو اب تین ہوسکتے ہیں ، ایسا بھی ممکن ہے کہ ایک ہی کنٹینر پر سب آکر بات کرلیں، طاہر القادری ہوں یا کوئی اور مجھ سے ناراض نہیں ہوتا، بلاول بھی مجھ سے ناراض نہیں ہیلو ہائے میں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ طاہر القادری سڑکوں پر آنے کے موڈ میں ہیں لیکن جلدی میں نہیں ہیں، طاہر القادری دو دفعہ بڑے دھرنے دے چکے اب فائنل رائونڈ کھیلیں گے، پیپلز پارٹی اس دفعہ سوچ سمجھ کر چلے گی، طاہر القادری تمام پارٹیوں کو ملنے کیلئے دعوت نامہ دے سکتے ہیں، سیاسی اشتراک اور انتخابی اتحاد دو الگ الگ چیزیں ہیں، عمران خان اور آصف زرداری کا کسی قیمت پر انتخابی اتحاد نہیں ہوگا، عمران خان پیپلز پارٹی یا ن لیگ سے کوئی انتخابی اتحاد نہیں کریں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کے گھر کے باہر تین بچے مرگئے لیکن ایک مہینے تک میڈیکل رپورٹ نہیں لینے دی، میں سات دفعہ وزیر رہا ہوں،چوہدری نثار کی طرح ضیاء الحق کے جوتے چاٹ کر یہاں تک نہیں پہنچا ہوں، 1985ء میں ضیاء الحق کے خلاف جاکرا ٓزاد انتخاب لڑا، میں چار دفعہ ن لیگ کو ہرا کر جیتا صرف ایک دفعہ ہارا ہوں، نواز شریف نے تین دفعہ کہا کہ شیخ رشید اسمبلی میں نہیں ہوگا، اللہ کے حکم سے آج بھی اسمبلی میں ہوں، نواز شریف میرے کیس پر نااہل ہوا ہے، ناموس رسالت کا مسئلہ سب سے پہلے میں نے اسمبلی میں اٹھایا، ناموس رسالت میں جو عزت مجھے ملی وہ کسی سیاستدان کو حاصل نہیں ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آصف زرداری کو طاہر القادری کے پاس جانا چاہئے تھا یا نہیں یہ حیران کن سوال ہے، جماعتیں چھوٹی بڑی نہیں ہوتیں کاز چھوٹے بڑے ہوسکتے ہیں، بینظیر بھٹو اور نوابزادہ نصراللہ خان نے بھی طاہر القادری کی قیادت میں کام کیا تھا، اس وقت پیپلز پارٹی آج سے بھی بڑی سیاسی جماعت تھی ،طاہر القادری کے پاس ایک کاز کیلئے گئے، پیپلز پارٹی مسلم لیگ کی مخالفت نہیں کررہی بلکہ طاہر القادری کے اصولی موقف کو سپورٹ کررہی ہے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی طاہر القادری کے کاز میں ان کے ساتھ ہے، آصف زرداری کہہ چکے ہیں دھرنے میں شرکت کی دعوت دی گئی تو سوچ سکتے ہیں، پیپلز پارٹی پہلے دن سے سانحہ ماڈل ٹائون پر پی اے ٹی کی سپورٹ کرتی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ طاہر القادری کو کسی ایسی جماعت یا افراد سے نہیں ملایا جاسکتا جو ماورائے آئین باتیں کرتے ہیں، طاہر القادری ہمیشہ آئین و قانون کے اندر رہ کر سیاست کرنے کی بات کرتے ہیں۔فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستا ن کیلئے اصل اہمیت اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کی ہے، کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دوسرے شہروں میں عوام نے ہمارا فقید المثال استقبال کیا، بابر غوری کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کو بہت سے تحفظات رہے ہیں، بابر غوری نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی تو اس کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا، بابر غوری امریکا میں رہ کر لندن کی پالیسیوں کی حمایت کررہے تھے۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں کوئی نیا دھڑا بننے نہیں جارہا، فاروق ستار نے نئے دھڑے کی بات ہلکے پھلکے موڈ میں کی تھی، ایم کیو ایم پاکستان ایک تھی اور ایک رہے گی، کسی کو کوئی مصنوعی طریقہ یا حربہ کسی جماعت پر استعمال نہیں کرنا چاہئے، ایم کیوا یم کسی فرد کی ملکیت نہیں کارکنوں کی وراثت ہے۔راجا عامر عباس نے کہا کہ نیب کا پراسیکیوٹر جنرل مقرر ہونے تک حدیبیہ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کا مطالبہ درست نہیں ہے، عدالت میں اس مطالبہ پر چیئرمین نیب اور ادارے کی سخت سرزنش ہوگی، نیب کے پاس قانونی ٹیم ہے جس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرلز کی لسٹ ہوتی ہے، میرے زمانے میں پراسیکیوٹر جنرل عرفان قادر کو ہٹایا گیا تو میں سپریم کورٹ میں کیسز چلاتا رہا تھا، حکومت ایسا پراسیکیوٹر جنرل نیب لگانا چاہ رہی ہے جو ان کی مرضی سے چلے۔نمائندہ جیو نیوز عرفان اللہ نے کہا کہ ن لیگ کے مستعفی ارکان اسمبلی نے استعفے دیتے ہوئے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ پیر حمید الدین سیالوی پر چھوڑ دیا ہے، فیصل آباد میں پندرہ استعفے دینے کا فیصلہ تبدیل کر کے مرحلہ وار استعفے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مستعفی ہونے والے اراکین کی تعداد پندرہ سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔  
تازہ ترین