ملتان کی ٹمبر مارکیٹ میں 5 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، متاثرہ تاجروں اور کھاتے داروں نے بینک کا گھیراو کر کے بینک کو تالا لگا کر عملے کو اندر ہی بند کردیا۔
ملتان میں 9 کروڑ روپے کے طلائی زیورات کی بینک ڈکیتی کی باز گشت ابھی تھمی نہیں تھی کہ ایک اور بینک سے پانچ کروڑ روپے کی خورد برد نے کھاتے داروں کی نیندیں اڑادیں۔
خورد برد ٹمبر مارکیٹ کی ایک بینک کی برانچ میں ہوا جہاں عملے کے 2 افراد نے 50 کھاتے داروں کے 5 کروڑ روپے کی رقم خورد برد کر لی ایک ماہ سے زیادہ کا عرصے تک بینک حکام کی طفل تسلیوں سے تنگ آئے متاثرین نے بینک کا گھیراو کر کے تالا لگا دیا اور بینک عملے کو اندر ہی مبحوس کرکے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا۔
آپریشن منیجر ملک یاسین کے مطابق رقم خورد برد کا انکشاف ہونے پر برانچ کا عملہ تبدیل کر دیا گیا اور ملوث پائے جانے والے دونوں اہلکاروں کو معطل کر کے ایف ائی اے حکام کو انکوائری کے لئے برانچ کا تمام ریکارڈ بھی حوالے کردیا گیا ہے اور جلد ہی متاثرین کو رقوم کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔