امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو دن میں کم از کم 2 ٹماٹر کھاتے ہیں وہ پھیپھڑوں کی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں،ریاست بالٹی مور کے مرکز برائے صحت کے ماہرین کے مطابق ٹماٹر تمباکو نوشی ترک کرنے والے افرادکے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر کے فوائد ان افراد میں بھی دیکھے گئے ہیں جو کھانے کے تین حصوں میں تازہ پھلوں بالخصوص سیب کا استعمال کرتے ہیں۔
یورپ میں ماہرین نے انسانی صحت اور پھلوں کے درمیان گہرے تعلق کا مشاہدہ کرنے کے لئے 2002ء میں ایک سروے کیا ، جس میں جرمنی، انگلینڈ اور ناروے کے تقریباً 680؍ افراد نے شرکت کی تھی اور سروے2 مراحل پر مشتمل تھا۔
پہلے مرحلے میں ان افراد سے سوالنامہ حل کرایا گیا، جس میں ان کی عمر، قد، وزن، جنس، آمدنی خوراک، صحت اور جسمانی سرگرمی سے متعلق سوالات تھے۔
دوسرے مرحلے میں ان افراد کے پھیپھڑوں کے دو اقسام کے ٹیسٹ کئے گئے تھے، جس میں ایک شخص 6 سیکنڈ میں ناک کے ذریعے کتنی ہوا اندر کھینچتا اور ایک سیکنڈ میں کتنی کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتا ہے۔
10برس بعد ان افراد کا دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا،تو سروے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ اس عرصے کے دوران جن افراد نے زیادہ پھل بالخصوص ٹما ٹر کا استعمال کیا ان کے پھیپھڑے زیادہ صحتمند اور بہتر کام کر رہے تھے یہاں تک کہ تمباکو نوشی سے متاثرہ پھیپھڑوں کی صحت بھی بہتردکھائی دی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پھلوں اورٹماٹر کے استعمال کے مثبت اثرات پھیپھڑوں کے ساتھ سانس کی دائمی امراض پر بھی نظر آئے۔