• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: مہنگائی کیخلاف مظاہروں کا نیا سلسلہ، 70 ہزار اہلکار تعینات

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

فرانس میں مہنگائی اور قوتِ خرید میں کمی کے خلاف مظاہروں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق فرانس بھر میں سیکیورٹی سخت کر کے مختلف علاقوں میں 70 ہزار پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

شہر لیون میں پابندی کے باوجود احتجاجی مظاہرہ کرنے والے تقریباً 150 افراد کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے کے پُرتشدد مظاہروں اور لوٹ مار کے واقعات کے باعث مختلف شہروں میں احتجاج پر پابندیاں عائد ہیں، جبکہ یلو ویسٹس تحریک، مزدور تنظیموں اور طلبہ کی جانب سے ملک بھر میں 700 سے زائد مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق مارسیے میں پابندی واپس لے کر مزدور تنظیموں کو ریلی کی اجازت دے دی گئی، جبکہ اسٹراسبرگ میں بھی مظاہرے ہوں گے، تاہم نینسی، میتز، بیزانسوں، بیلفور، روآن، لی آوور، ٹولون اور لیموژ سمیت کئی شہروں میں پابندیاں برقرار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پرتششد مظاہروں کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، 3 ہزار سے زائد دکانوں کو نقصان پہنچا تھا جبکہ لوٹ مار بھی کی گئی تھی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید