• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف اسکولوں کے 500 طالب علموں میں مفت سوئیٹرز تقسیم

Free Sweaters Distributed In 500 Different Schools

کریٹیو ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے سرکاری اور نجی اسکولوں کے 500 طالب علموں میں مفت سوئیٹرز تقسیم کیے گئے۔

یہ تقریب گزشتہ روز سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ سندھ ڈاکٹر مسرور احمد شیخ تھے جبکہ اعزازی مہمانان میں چیئرمین میمن خدمت فورم حاجی مسعود پاریکھ اور چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سید حیدر علی شامل تھے۔

اس موقع پر مرکزی چیئرمین کریٹیو ایجوکیشن فاؤنڈیشن خان محمد، سینئر وائس چیئرمین محمد طارق خان، فنانس سیکریٹری محمد واصف سمیع اور ممبرمحمد عارف راشد بھی موجود تھے۔

تقریب میں ضلع غربی اور ملیر کے 50سے زائد اسکولوں کے تقریبا 500ننھے طالب علموں میں مہمانوں نے مفت سوئیٹرز تقسیم کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیئرمین ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ سندھ ڈاکٹر مسرور احمد شیخ نے کہا کہ کریٹیو ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے اس تقریب کا انعقاد دیگر سماجی تنظیموں کے لیے بھی باعث تقلید ہے۔ سردی کے موسم میں نادار بچوں کے لیے یہ تحفہ کسی غنیمت سے کم نہیں۔

دی کریٹیو فاؤنڈیشن کے مرکزی چیئرمین خان محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضرورت مند طلباءکو سردی کی انتہائی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے مخیر حضرات کو میدان میں آنا چاہیے تاکہ ملک کے روشن مستقبل کو موسمی بیماریوں سے بچایا جا سکے اور ان کی تعلیم میں کوئی خلل پیدا نہ ہو۔یہ تقریب اسی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد کی گئی ہے۔

تازہ ترین