راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ذمہ داران نے تین ماہ قبل مبینہ غیرقانونی تعمیرات کے الزام میں بلڈنگ چیکروں کی ڈیوٹیوں پر مامور عملہ کو ایک ہفتہ کی تنخواہ بطور جرمانہ کٹوتی اور سنشور کی محکمانہ سزائوں کے ساتھ بحال کر دیا ہے،یہ ملازمین آئندہ بلڈنگ برانچ میں تعینات نہیں ہوسکیں گے ، بحال ہونے والے ملازمین کی اکثریت درجہ چہارم کی ہے جو اس وقت بلڈنگ چیکر کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے ، ان میں خضرحیات پمپ اٹینڈنٹ، محمد اکمل فائرمین ، اشفاق احمد سروے قلی، ابوذر ضیاء فائر مین، جواد علی بلڈنگ چیکر، محمد رضوان مارکیٹ منشی، ماجد حسین پائپ فٹر اور اعجاز الللہ خٹک یو ڈی سی شامل ہیں ، سروے ڈرافٹسمین پر دوران انکوائری کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا جس کے بعد اسے بحال کرنے کی سفارش کی گئی ہے، ادھر بلڈنگ انجینئر عامر کیخلاف ایم ایل اینڈ سی کا افسر انکوائری کر رہا ہے ، عامر خان کو پہلے ہی دوسرے سٹیشن پر تبدیل کیا جا چکا ہے ، واضح رہے کہ ستمبر میں ان ملازمین کو مبینہ غیرقانونی تعمیرات کے الزام میں معطل کیا گیا تھا اس دوران دو روز تک لینڈ برانچ کو بھی تالے لگا دیئے گئے تھے ، اس حوالے سیکرٹری قیصر محمود سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ملازم جہاں بھی اپنے عہدہ کے لحاظ سے تعینات ہونگے وہاں کا انچارج ہر چھ ماہ کی ان کی رپورٹ دینے کا پابند ہو گا یہ ملازمین آئندہ بلڈنگ برانچ میں نہیں لگ سکیں گے ۔