• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان: انفلوئنزا کے مریضوں کی تعداد 74 ہو گئی، 13 جاں بحق

Number Of Influenza Patient Increase Up To 74 13 Dead In Multan

ملتان میں سیزنل انفلوئنزا کے مزید 5 مشتبہ مریض نشتر اسپتال منتقل کیے گئے ہیں 19روزمیں انفلوئنزا مرض کے شبے میں اسپتال پہنچنے والے مریضوں کی تعداد 74ہوگئی جبکہ رواں سیزن میں انفلوائزا وائرس سے 13 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

سیزنل انفلوئنزاسےمتاثرہ افراد کا کہناہےکہ اسپتال میں سہولیات کی کمی ہے اورانہیں دوائیں باہر سے خریدنا پڑرہی ہیں۔

واضح رہے سیزنل انفلوائنزا وائرس مریضوں کے سانس سے تیزی سے ہوا میں پھیلتا ہے۔ بخار، کھا نسی، سردرد، پٹھوں، جوڑوں میں درد، گلے کا خراب ہونا، ناک کا بہنا، پیچیدگی کی صورت میں سانس میں دشواری، سینے میں درد، الٹیاں اور دست اس کی علامات ہیں۔

محکمہ صحت نے سیزنل انفلوائنزا سے بچاؤ کے لیے آگہی مہم شروع کر دی ہے۔

طبی ماہرین کہتےہیں کہ یہ وائرس انسان سے انسان میں منتقل ہوتا ہے، اس لیے کسی کو نزلہ، زکام ہو تو اس کے پاس ماسک پہن کر جائیں، فاصلے پر کھڑے ہوں، اورشہری ہاتھ منہ دھونےکومعمول بنائیں۔

دوسری جانب کچھ روز قبل میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ موسمی انفلوئنزا سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور عوام کو باخبر رکھنے کے لیے آ گاہی مہم بھی چلائی جائے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کامزید کہنا تھا کہ مرض سے بچاؤ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور اداروں کو ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

 

تازہ ترین