• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی حکومت فلسطین کی امداد کم کرنے سے بازرہے، سویڈن کا انتباہ

سٹاک ہوم (نیوز ڈیسک)سوئیڈن نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ فلسطین کے لئے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے کی مالی امداد میں اپنی طرف سے کٹوتی سے باز رہے، کیوں کہ اس سے ایک نیا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ سوئیڈن فلسطین کو ایک خودمختار ریاست تسلیم کرتا ہے اور فلسطینیوں کے لئے امداد دینے والے اہم ترین ممالک میں سے ایک ہے۔ سوئیڈن کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے لئے امریکی امداد میں کٹوتی مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کا باعث ہوگی۔ اقوام متحدہ میں تعینات سوئیڈش سفیر اولوف سکوگ نے کہا ہے کہ انہوں  نے اقوام متحدہ کے لئے امریکی سفیر نکی ہیلی سے بات چیت میں اپنے ملک کی جانب سے ان تحفظات کا ذکر بھی کیا ہے۔ نیویارک میں صحافیوں سے بات چیت میں خطے میں استحکام اور اقوام متحدہ کے فلسطینیوں کے لئے امدادی ادارے انروا کو دی جانے والی امریکی امداد کی بندش پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ہم نے 50لاکھ انسانوں کی بنیادی ضرورتوں کے ساتھ خطے کو ممکنہ عدم استحکام کی جانب لے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ سوئیڈش سفیر نے اس معاملے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھانے کا بھی عندیہ دیا۔ سلامتی کونسل فلسطینی اسرائیلی تنازع کو 25جنوری کو اپنے ایک اجلاس میں زیر بحث لائے گی۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز پر دھمکی دی تھی کہ وہ فلسطینیوں کیلئے امریکی امداد روک سکتے ہیں۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی امریکہ کے ساتھ احترام کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ سویڈن یورپی یونین کا پہلا رکن ملک ہے جس نے 2014 میں فلسطین کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کرلیا تھا سویڈن اونروا کو سرمایہ مہیا کرنے والے 10بڑے ممالک میں سے ایک ہے دیگر ممالک میں برطانیہ، جرمنی، سعودی عرب اور امریکہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے سربراہ نے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نفرت انگیز اور خوف زدہ کرنے کی تدبیر قرار دیا تھا ادھر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی ریاست کے صدر محمود عباس سے ٹیلیفون پربات چیت کی ہے۔ شاہ سلمان نے اپنی گفتگو میں  کہا کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین اور اس سے متعلقہ تمام امور کے حوالے سے ثابت قدمی پر مبنی واضح موقف رکھتا ہے۔ ان امور میں فلسطینی ریاست کے قیام اور بیت المقدس کے اس کے دارالحکومت ہونے سے متعلق فلسطینی عوام کے قانونی حقوق اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا ایک منصفانہ حل تلاش کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھنا شامل ہے۔
تازہ ترین