وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج جو لوگ اکٹھے ہوئے ہیں یہ ایک کونسلر کی سیٹ نہیں جیت سکتے۔
مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مزید کہا کہ 2018ء میں پاکستان کے عوام جس کو ووٹ دینگےوہ اقتدار میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج یہ تمام جماعتیں صرف ایک مسلم لیگ ن کے خلاف جمع ہوئی ہیں ، جس وقت پاکستان میں سی پیک آرہا تھا اس وقت بھی ایک کنٹینر تیار ہورہا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جوتماشا ہورہاہے ن لیگ کےکونسلرکی جیت پراس سےزیادہ لوگ اکٹھےہوتےہیں،اس کنٹینر میں نامعلوم نجومیوں کی پیش گوئیاں ہورہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل تک ایک امپائر کی انگلی کے اشارے کا انتظارہورہاتھا،آج جب فاٹا میں عوام کو حقوق ملنے کی باری آرہی ہےتو کنٹینرتیار ہورہا ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ الیکشن میں 4مہینے رہ گئے ہیں اور ایک کنٹینر تیار ہورہا ہے،اگر ڈر یا خوف نہ ہوتا تو یہ کنٹینر سجایا نہ جاتا،قصور کے واقعے کا دکھ وزیراعلیٰ شہبازشریف سے زیادہ کسی کو نہیں۔
مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ عوام خیبرپختونخوا کے ہوں، پنجاب، سندھ، بلوچستان یا آزادکشمیر کےہوں ووٹ نوازشریف کو ہی دیں گے،ہر ادارے کو اپنے دائرہ کارمیں کام کرنا چاہیے، ایک شخص وزیراعظم ہاؤس پر حملہ کرتا ہے،آئینی اداروں پر دن کی روشنی میں ایک شخص حملہ کرتا ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ جس وقت انتخابی اصلاحات ہورہی تھی عمران خان کہاں تھے؟جس وقت پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کر رہاہےکینیڈاسےایک شخص آکر افراتفری پھیلاتا ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں اختلاف کے حوالے سے کہا کہ پرویز رشید، چوہدری نثار ن لیگ کے سینئرارکان اور نوازشریف کے ساتھی ہیں،ن لیگ کے ساتھ پاکستان کے عوام ہیں۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ مصطفی ٰ کمال سمیت سیاسی کزنزاکٹھےہوجائیں تب بھی ن لیگ کاکچھ نہیں بگاڑسکتے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جمہوریت کے 10سال مکمل ہوں گے،یہ نواز شریف کی کامیابی ہے مخالفین نامعلوم امپائرکی انگلی کے اشارے کا انتظار کرتے ہیں۔