جیو ٹی وی ایک بار پھر ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ بنا رہا ہے۔اِس کے چار ڈرامے اس وقت ریٹنگ چارٹ پر ”ٹاپ ٹین “ میں شامل ہیں۔
پہلے نمبر پر ”خانی“ ، دوسرے پر ”گھر تتلی کا پر“ ، چھٹے نمبر پر ’سلسلے‘ اور ساتویں نمبر پر ’ایک تھی رانیہ‘ حکمرانی کررہے ہیں۔
سیونتھ اسکائی پروڈکشنز کے تحت پیش کئے گئے تین ڈراموں نے ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کرکے اپنے ٹائم سلوٹ پر برتری قائم کی ہے۔
اگر ڈرامہ سیریل ”خانی“ کی بات کی جائے تو اپنے وقت میں پیش کئے گئے ڈراموں میں سب سے زیادہ پذیرائی اِسی سیریل کو حاصل ہے۔
عبداللہ کادوانی اور اسدقریشی کی نگرانی میں تیار کئے گئے ڈرامے نے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، پاکستانی ڈرامے کی تاریخ میں پہلی بار ”خانی“ کے او ایس ٹی نے مختصر ترین وقت میں ایک کروڑ سے زائد ویوز حاصل کرکے سوشل میڈیا پر بھی تہلکہ مچا رکھا ہے۔ فیروز خان اور ثنا جاوید کی بہترین پرفارمنس کو بھی ہرجانب سے سراہا جارہا ہے۔
”اسما نبیل “ کی کہانی کو انجم شہزاد نے ڈائریکٹ کیا ہے جو ہر پیر شب 8 بجے جیو ٹی وی سے نشر کیا جاتا ہے۔ سیونتھ اسکائی کے دوسرے سیریل ”گھر تتلی کا پر“ میں محبت کے نام پر حسد اور دھوکے کی کہانی دکھائی جارہی ہے۔
ڈرامے میں معروف اداکار شہزاد شیخ ، ایمن خان ، علی عباس اور صنم چوہدری مرکزی کرداروں میں ہیں ۔ اس سیریل کی کہانی باصلاحیت ناولسٹ سمرابخاری نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایات محسن طلعت نے دی ہیں۔
یہ ڈرامہ پیر اور منگل کوشام 7 بجے دکھایا جاتا ہے۔ سیونتھ اسکائی کے تیسرے سیریل ”ایک تھی رانیہ“ تعلیمی اہداف حاصل کرنے والی بچی کی کہانی ہے جسے جعلی محبت کا شکار بنا کر اُس کا مستقبل خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
اس سیریل کے مرکزی کرداروں میں سید جبران، سنبل اقبال، منور سعید، منظور قریشی، مدیحہ رضوی، حمیرہ بانو، سندس طارق، بینا چوہدری، پارس مسرور، کنزہ ملک، ارسلان راجا، منزہ وقاص، حنان حمید اور چائلڈ اسٹار سمیر شامل ہیں۔
دلچسپ کہانی مدیحہ شاہد نے لکھی ہے اور عبداللہ بادینی ہدایتکار ہیں یہ ڈرامہ ہر جمعہ کی رات 8 بجے نشر ہوتا ہے۔ جبکہ ڈرامے باز انٹرٹینمنٹ کی پروڈکشن میں بننے والے سیریل ”سلسلے“ میں محبت اور رومانس کے علاوہ سگے رشتوں کو بھی موضوع بحث لایا گیا ہے جس کی پروڈیوسر ارم بنت شاہد ہیں۔
یہ کہانی ایک ماں کے گرد بھی گھوم رہی ہے جو اپنی بیٹیوں کو جواری باپ سے محفوظ رکھنے اور اِن کے بہترین مستقبل کیلئے مسلسل جدوجہد کرتی ہے۔
منفرد کہانی کو سمرابخاری نے تحریر کیا ہے جسے سید وجاہت حسین نے انتہائی مہارت سے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس کی کاسٹ میں شگفتہ اعجاز، مومل شیخ، منیب بٹ، سیمی راحیل، سائرہ بھٹی، ماہ جبیں حبیب ، عبداللہ اعجاز ، مریم شیخ اور دیگر شامل ہیں۔ ڈرامہ ہر منگل رات 8 بجے نشر ہوتا ہے۔