5فروری یوم یکجہتی کشمیر کا دن ہماری تاریخ کاایک اہم حصہ ہے پاکستانی اور کشمیری جہاں جہاں آباد ہیں اس دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتےہیں اور کشمیری عوام کے بنیادی حق خودارادیت کے حصول کی عظیم جدوجہد کے ساتھ یکجہتی اور وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔ یوم یکجہتی کے موقع پر دنیا بھر میں مختلف سیاسی جماعتیں جلسے جلوسوں، سیمینار اور دیگر قومی تقریبات کا اہتمام کرتی ہیں۔ یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی، پیدائشی اورفطری حق ہے کشمیری قوم آزادی کی اس تحریک میں اکیلی نہیں ہے مقبوضہ کشمیر میں آئے روز قتل و غارت بھارتی حکومت کی کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔ بھارتی دہشت گردی عالمی اداروں کے منہ پر کھلا طمانچہ ہے انسانی حقوق کی دعوے دار، اقوام متحدہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کا فوری نوٹس لے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں ہورہی ہیں۔ بھارتی سیکورٹی فورسز نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کرکے آنے والی نسلوں کو اندھا کررہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے ذریعے آزادی کی جدوجہد کرنے والے نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے نئے نئے طریقے استعمال ہورہے ہیں، آئے روز سیز فائر لین اور ورکنگ بائونڈری پر پرامن اور معصوم کشمیریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، حریت کانفرنس کے رہنمائوں کو قید و بند کرنا اور ان پر مظالم سے چنگیز خان اور ہلاکو خان کی بربریت بھی شرما رہی ہے اس کے علاوہ اجتماعی قبروں کی دریافت اور گم شدہ افراد کی تاحال بازیابی نہیں ہوئی عالمی اداروں اور بالخصوص اقوام متحدہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، خاموش تماشائی بنے ہیں مسئلہ کشمیر بین الاقوامی طور پر سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کے اصل فریق کشمیری خود ہیں پورے جنوبی ایشیاء کا امن اس مسئلہ کشمیر کے ساتھ وابستہ ہے اس مسئلہ پر پاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگیں بھی ہوچکی ہیں اور مستقبل میں اگر مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل نہ کیا گیا تو یہ ایک اور جنگ کا پیش خیمہ ہوسکتا ہےجسکی لپیٹ میں نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پوری دنیا آسکتی ہے اس لئے دنیا اس اہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقدام اٹھائے۔ یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد بنیادی طور پر یہ ہے کہ عالمی برادری کو بتایا جائے کہ مسئلہ کشمیر دنیا کا سب سے پرانا اور حل طلب بین الاقوامی مسئلہ ہے جو بھارت کی ہٹ دھرمی اور اقوام عالمی کی عدم توجہ کے باعث آج تک حل نہیں ہوسکا بھارت کی کوشش ہے کہ مسئلہ کشمیر کو دبائے رکھا جائے اور عالمی برادری کی توجہ بھارتی مظالم سے ہٹائی جائے۔ کشمیری آج بھی اس بات کے منتظر ہیں کہ اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق حل کروائے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اور دنیا میں امن کو آگے بڑھانے کیلئے حل کرنا ہوگا۔تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو جس جاندار انداز میں دنیا بھر میں اجاگر کیا پوری کشمیری قوم کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں مقیم کشمیری بھی انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں تحریک آزادی کے سورج کے طلوع ہونے تک جدوجہد جاری رہے گی وہ دن دور نہیں جب سارا کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔