کراچی (اسٹاف رپورٹر) دوسری پاکستان خواتین سپر ہاکی لیگ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگئی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ رنگارنگ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیئے گئے۔ بعدازاں افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور لائنز اور کراچی ڈولفنز کا مقابلہ 2-2گول سے برابر رہا ۔ لاہور لائنز کی طرف سے سدرہ پرویز اور شاکرہ سرور نے ایک ایک گول کیا جبکہ کراچی ڈولفنز کی طرف سے کپتان افشاں نورین نے دونوں گول کیے۔ دوسرے میچ میں پشاور ڈیئرز نے اسلام آباد شاہین کو 2-0سے ہرادیا ۔پشاور ڈیئرز کی طرف سے صائمہ نے دونوں گول کیئے ۔ لیگ میں کھیلنے والی کھلاڑیوں کی عمر کی حد 23سال مقرر کی گئی ہے۔ فائنل 11 فروری کو کھیلا جائے گا۔افتتاحی تقریب میں شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا جس میں موجودہ اور سابقہ خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو مہمان خصوصی نے ان کی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیئے۔لیگ میں شامل ٹیموں میں لاہور لائینز،کراچی ڈولفنز، اسلام آباد شاہین، کوئٹہ پینتھرز اور پشاور ڈیئرز شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کراچی ڈولفنر اور لاہور لائنز کے درمیان کھیلا گیا جس کا نتیجہ برابر رہا۔ جبکہ دوسرے میچ میں ٹیم پشاور ڈیئر نے اسلام آباد شاہین کو 0-2 سے شکست دی۔