• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آپ کےمسائل اور اُن کاحل

مولاناڈاکٹرعبدالرزاق اسکندر

قرض کب معاف ہوتا ہے؟

سوال: میں نے اپنے دوست کو پانچ برس پہلےقرض دیا تھا،تین سال بعد اس کے والد کی وفات ہوگئی، میں نے دل میں سوچا کہ اسے قرض معاف کردیتا ہوں ،کیوںکہ بہن بھائیوں میں وہ سب سے بڑا ہے ، لیکن درمیان میں وہ جب بھی ملتا ،میں اس سے قرض کی واپسی کا تقاضا کرتا ، اب اس نے کچھ رقم مجھے واپس بھی کردی ہے،سوال یہ ہے کہ کیا دل میں سوچنے سے قرض معاف ہوگیا؟یا پھر میں اس سے قرض کی مزید رقم بھی واپس لے سکتا ہوں، اب مجھے کچھ مشکل آن پڑی ہے تو میں قرض کی واپسی کا تقاضا کررہا ہوں۔

جواب:۔صرف سوچنے یا دل میں خیال آنے سے قرض معاف نہیں ہوتا۔قرض اس وقت معاف ہوتا ہے ،جب قرض خواہ معاف کردے اورمقروض اسے قبول کرلے یامقروض صراحت کے ساتھ قبول نہ کرے، مگر قرض کی معافی کو مسترد بھی نہ کرے۔آپ نے قرض معاف کرنے کی صراحت نہیں کی ہے، اس لیےقرض برقرار ہے اورآپ کے لیے وصول کرنا جائز ہے۔( شامی5/ 302، کتاب الکفالۃ، ط: سعید)

ڈرائیورقصرکرے گا یا اتمام؟

سوال : ڈرائیورز جو ہیوی ٹرانسپورٹ ٹرک بسیںوغیرہ چلاتے ہیں، دوردراز کا سفر کرتے ہیں، ان کی بیش تر زندگی سفر میں گزر جاتی ہے، تو یہ نماز کون سی ادا کریں گے مکمل یا قصر؟کئی ڈرائیور حضرات تو سارا دن سفر کرتے اور شام کو گھر آتے ہیں، ان کی نماز کے اوقات کار وغیرہ کا کیا طریقہ ہوگا؟

جواب:۔ ایسے ڈرائیورحضرات جو مستقل سفر میں رہتے ہیںاور ان کا قصد سواستتر کلومیٹر سے زائد کاہوتا ہے تو اپنےشہر کی حدود سے نکلنے کے بعد یہ لوگ مسافر کہلائیں گے اوردورانِ سفر قصر ہی پڑھیں گے اور جیسے ہی یہ اپنے شہر کی آبادی میں داخل ہوں گے تو پھر مکمل نماز پڑھیں گے۔(فتاویٰ عالمگیری(1/139) الباب الخامس عشر فی صلاۃ المسافر، ط: رشیدیہ۔ کفایت المفتی جلد 3، مؤلف : مفتی محمد کفایت اللہ دہلوی، ناشر : دار الاشاعت ، کراچی)

بلااجازت ِوالدین نکاح کرنا

سوال:۔ کیا کوئی لڑکا والدین کو بتائے بغیر شادی کرسکتا ہے؟ کہ اس کے دل میں اس بات کا ڈر ہوکہ والدین کو بتانے سے اس کی پسند کا رشتہ نہ ہوسکے گا؟(نصیب اللہ، کوئٹہ)

جواب:۔عاقل وبالغ لڑکاوالدین کے علم اوراجازت کے بغیرنکاح کرے تو نکاح منعقد ہوجاتا ہے، تاہم والدین کو اعتمادمیں لے کر نکاح کرناچاہیے، ورنہ رشتہ پائیدار اورمستحکم نہیں رہتا اورکئی الجھنوں اورپریشانیوں کاباعث بنتا ہے۔والدین کوبھی چاہیے کہ اولاد کی رائے کواہمیت دیں اوراسے انا کامسئلہ نہ بنائیں۔ (فتاویٰ شامی (3 / 55)ط: سعید)

’’تم مجھ سے فارغ ہو‘‘کا حکم

سوال :۔ اگر شوہر اپنی بیوی کو کہے کہ تم مجھ سے فارغ ہو تو کیا اس سے طلاق واقع ہوجاتی ہے۔(لال جان، کوئٹہ)

جواب:۔ اگرشوہر مذکورہ جملہ طلاق کی نیت سے کہے یا مذاکرہ طلاق میں یا بیوی کی طرف سے طلاق کے مطالبے کے بعد کہے تو اس سے ایک طلاق بائن واقع ہوجاتی ہے اور نکاح ختم ہوجاتا ہے۔نکاح ختم ہونے کے بعد باہمی رضامندی سےنئے مہر اور گواہان کی موجودگی میں دوبارہ نکاح ممکن ہےاور آئندہ کے لیے شوہر کو دو طلاقوں کا اختیار ہوگا۔ اگر شوہر کی مذکورہ جملے سے طلاق کی نیت نہیں تھی اور نہ ہی مذاکرۂ طلاق کے وقت شوہر نے مذکورہ جملہ کہاتھا تو کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی۔بعض اہل علم لفظ فارغ کو صریح بائن کالفظ قراردیتے ہیں ،ان کی رائے کے مطابق اس لفظ سے بغیرنیت کے بھی طلاق ہوجاتی ہے ،اس لیے احتیاط یہ ہے کہ اس جملے کے استعمال کے بعد میاں بیوی تجدیدنکاح کرلیں۔(3/296،297، باب الکنایات، ط، سعید۔6 / 72،باب ما تقع بہ الفرقۃ مما يشبہ الطلاق،ط، دار المعرفۃ ۔ بيروت)

قرض پر زکوٰۃ

سوال :۔زکوٰۃ کی ادائیگی کے بارے میں جواب مطلوب ہے کہ اگر ایک آ دمی پر زکوٰۃ فرض ہے اور وہ قرض دار ہے تو اس صورت میں وہ کل مالیت میں سے قرض کی رقم نکالنے کے بعد زکوٰۃ ادا کرے گا یا پھر پوری مالیت پر؟( سید شجاع الدین، کراچی)

جواب:۔ اگر قرض کی رقم منہا کرنے کے بعد مقروض کے پاس نصاب کے بقدر رقم باقی بچتی ہے تو اس باقی رقم پرزکوٰۃ کی ادائیگی لازم ہے، مثلا اگر کسی کے پاس ایک لاکھ روپے ہیں اور اس پر پچاس ہزار قرضہ ہے تو پچاس ہزار منہا کرنے کے بعدبقیہ پچاس ہزار پر زکوٰۃ لازم ہے،لیکن اگر وہ ایک لاکھ یا اس سے زیادہ کا مقروض ہےتو اس پر زکوٰۃ فرض نہیں ہے اوراگر اسّی ہزار کا مقروض ہے تو بقیہ بیس ہزار چونکہ نصاب کے بقدرنہیں ہے، اس لیے اس پر زکوٰۃ لازم نہیں ۔(فتح القدير للکمال ابن الھمام (2/ 160)، ط: دارالفکر)

بانڈزکےانعام پر زکوٰۃ کامسئلہ

سوال :۔ انعامی بانڈز پر اگر انعام نکلتا ہے تو اس انعامی رقم پر زکوٰۃ واجب ہو گی یا نہیں؟اس حوالےسے رہنمائی فرمائیں۔(فضل احمد، لاہور)

جواب:۔ بانڈزپر جوانعام ملتا ہے، وہ سود اورجوئے کامرکب ہونے کی بناءپر حرام ہے اوراسے وصول کرنا بھی جائز نہیں ہے اورنہ ہی اس پر زکوٰۃ واجب ہے ،بلکہ اگر وصول کرلیا ہے تواسےصدقہ کرنا واجب ہے۔

غسل کے بعدوضو ضروری نہیں

سوال :۔صرف غسل کیا، وضو کی نیت نہیں کی تو کیا اس سے وضو ہوجاتا ہے؟

جواب:۔ غسل کے شروع میں باقاعدہ وضو کرنا مسنون ہے، لیکن اگر وضو کئے بغیر غسل کرلیا جائے، تووضوبھی ہوجاتاہے،اگرچہ وضو کی نیت نہ کی ہو۔طہارتِ کبریٰ (غسل)کے ساتھ طہارت صغریٰ(وضو) خودبخود حاصل ہوجاتی ہے۔

فوتگی پر واجب الترک رسوم

سوال :۔موجودہ معاشرے میں فوتگی پر رائج اعمال مثلاً حیلہ اسقاط ، چوتھا جمعرات، جس میں ختم قرآن پاک کااہتمام کیا جاتا ہے اور ایک مخصوص جمعرات کو متوفی کے استعمال کےنئے کپڑے اورجوتے وغیرہ خرید کر صدقہ کیا جاتے ہیں، اسلام میںاس کی شرعی حیثیت واضح فرمادیں۔(محبوب الٰہی)

جواب:۔مروجہ حیلہ اسقاط تو بے شمار مفاسد کا مجموعہ ہے ،جو واجب الترک ہے۔دیگر اعمال بھی وقت اوردن کی قید کی وجہ سے اورمباح کو لازم سمجھنے کی وجہ سے واجب الترک ہیں ۔ (2/ 243، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، مطلب فی القراءۃ للمیت واھداء ثوابھا لہ، ط: سعید۔الاعتصام للشاطبی (ص: 53) الباب الاول تعريف البدع وبيان معناھا وما اشتق منہ لفظا، ط: دار ابن عفان، السعوديۃ)

اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

masail@janggroup.com.pk

تازہ ترین
تازہ ترین
تازہ ترین