• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ساہیوال چیمبرآف کامرس کی سفارشات پرعمل کرے،زاہدحسین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہاکہ حکومت ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سفارشات پر عمل کرے،ساہیوال زرعی اجناس ، المونیم مصنوعات، کنفیکشنری آئیٹمز، کاٹن ملز، ادویات، لیدر مصنوعات، موٹر سائیکل اور مختلف صنعتوں کا مرکز ہے جن کا قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ہے۔ شیشم، کیکر اور توت کے درختوں پر مشتمل گھنے جنگلات ، سڑک اور ریلوے لائن کے ساتھ لگے ہوئے درخت شہر کی خوبصورتی اور قدرتی حسن میں اضافے کا باعث ہیں۔ میاں زاہد حسین نے ساہیوال کی بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہاہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ساہیوال میں تقریباً 300برائلر اور 85لیئر پولٹری فارمز ہیں جن میں 15 ہزارسے زائد مرغیوں کی پیداواری استعداد موجود ہے۔ ساہیوال ضلع انفراسٹرکچر کے اعتبار سے بہتر ہے اوریہ شہر ریل اور سڑک کے ذریعے پورے ملک سے منسلک ہے جس کے باعث شہر کی مصنوعات پورے ملک تک بآسانی پہنچائی جاسکتی ہیں۔ شہر میں ساہیوال انڈسٹریل اسٹیٹ اور اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے نام سے 2انڈسٹریل اسٹیٹس موجود ہیں جن میں تقریباً 350صنعتیں موجود ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ساہیوال پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح زرخیز ضلع ہے جس کی زرعی پیداوار میں گنا، گندم، کپاس، تمباکو اور چاول شامل ہیں۔ سبزیوں میں آلو، پیاز، گوبھی اور ٹماٹر جبکہ پھلوں میں کینو، مالٹا، آم اور انارقابلِ ذکرہیں۔ شہر کی زرعی اجناس کی پیداوار کو سامنے رکھتے ہوئے شہر میں کئی صنعتوں کا پوٹینشل موجود ہے جس میں ٹیکسٹائل اسپننگ، ویونگ اور پراسسنگ کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل میڈ اپس، ہوزری، تولیہ، سرجیکل پٹیاں شامل ہیں۔ پھلوں کے پراسیسنگ پلانٹس بھی لگائے جاسکتے ہیں جس میں فروٹ جوس، اچار، جیم اور جیلیزبنائی جاسکتی ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ فروٹ پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے بننے والی مصنوعات کو اگر بین الاقوامی معیا ر اور طلب کے مطابق تشکیل دیا جائے تو شہر کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔
تازہ ترین