• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

نگراں حکومت ،معاملہ الیکشن کمیشن ،عدلیہ پر نہیں جانا چاہئے، زعیم قادری

نگراں حکومت ،معاملہ الیکشن کمیشن ،عدلیہ پر نہیں جانا چاہئے، زعیم قادری

کراچی(جنگ نیوز)ن لیگ کے رہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے انتخاب کا معاملہ الیکشن کمیشن یا سپریم کورٹ تک نہیں جانا چاہئے، آصف زرداری نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پیپلز پارٹی کے نظریات اور خود کو بیچ دیا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”لیکن!“ میں میزبان رابعہ انعم سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ، ڈائریکٹر عورت فاؤنڈیشن مہناز رحمن ، سماجی کارکن جبران ناصر اور نمائندہ جیو نیوز کراچی طلحہ ہاشمی سے بھی گفتگو کی گئی۔ناز بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نگراں وزیراعظم کیلئے ایسا شخص چاہے گی جو شفاف الیکشن کروانے کا اہل ہو، الیکشن پر انگلی اٹھی تو آئندہ پانچ سالوں میں بھی احتجاج کی سیاست ہوگی۔مہناز رحمن نے کہا کہ غریب خاندان کی عورتیں زیادتی جیسے جرائم کا شکار ہو کر بھی چپ رہنے پر مجبور ہیں، سائبر کرائم کیخلاف لڑکیوں کو ایف آئی اے سے رابطہ کرنا چاہئے ۔جبران ناصر نے کہا کہ نقیب اللہ محسود قتل کیس ایک بھدا مذاق بن گیا ہے، سپریم کورٹ اپنا کام پورا کررہی ہے مگر ادارے راؤ انوار کو پکڑ نہیں پارہے۔طلحہ ہاشمی نے کہا کہ لڑکیوں سے زیادتی اور ویڈیوز کا جرم ایسا ہے جس میں مدعی کو سامنے آنا پڑے گا۔ن لیگ کے رہنما زعیم قادری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا اتحاد بنانے کی کوششیں بہت پرانی ہیں، طاہر القادری کا دایاں ہاتھ آصف زرداری اور بایاں ہاتھ عمران خان کے ہاتھ میں تھا مگر عوام نے اسے مسترد کردیا، اتحاد بنوانے والوں نے پہلے بلوچستان حکومت توڑی اور پھر ایسے آزاد شخص کو چیئرمین سینیٹ بنوادیا جس کا نام سیاست میں لوگوں نے کبھی نہیں سناتھا، 103لوگوں پر اثرانداز ہونا آسان ہوتا ہے لیکن دس کروڑ لوگوں پر اثرانداز ہونا آسان نہیں ہوتا، عام انتخابات میں ایسی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوسکے گی۔زعیم قادری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ میچور آدمی ہیں، نگراں حکومت کے انتخاب کا معاملہ الیکشن کمیشن یا سپریم کورٹ تک نہیں جانا چاہئے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو یقینی بنانا ہوگا کہ فیصلہ سیاسی جماعتوں کا ہو اس میں کوئی غیبی فیصلہ نہ ہو، شیخ رشید 2013ء میں عدالتوں کے کرائے گئے الیکشن کو دھاندلی زدہ کہتے رہے ہیں، آصف زرداری نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پیپلز پارٹی کے نظریات اور خود کو بیچ دیا ہے۔پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت کے ساتھ نگراں حکومت کیلئے نام تجویز کریں گے، کوئی جمہوریت پسند شخص شیخ رشید کی باتوں کی حمایت نہیں کرے گا، حالیہ دنوں میں سینیٹ انتخابات پر قیاس آرائیاں کی گئیں لیکن وہاں جمہوری انداز میں فیصلہ ہوا، پیپلز پارٹی نگراں وزیراعظم کیلئے ایسا شخص چاہے گی جو شفاف الیکشن کروانے کا اہل ہو، الیکشن پر انگلی اٹھی تو آئندہ پانچ سالوں میں بھی احتجاج کی سیاست ہوگی، ن لیگ بلوچستان کے مینڈیٹ کو عزت نہیں دے گی تو اپنے لئے ہی مشکلات پیدا کرے گی۔ڈائریکٹر عورت فاؤنڈ یشن مہناز رحمن نے کہا کہ پاکستان میں غر بت جرم بن کر رہ گئی ہے، غریب خاندان کی عورتیں زیاد تی جیسے جرائم کا شکار ہو کر بھی چپ رہنے پر مجبور ہیں، میڈیا کو مظلوم عورتوں کے حقوق اور قوانین سے متعلق انہیں آگاہ کرنا ہوگا، سائبر کرائم کیخلاف لڑکیوں کو ایف آئی اے سے رابطہ کرنا چا ہئے وہاں انہیں مدد مل سکتی ہے، اس کے علاوہ ہمیں معا شر ے کا رویہ بھی بدلنا ہوگا، ہمارا معاشرہ زیادتی کا شکار لڑ کیو ں کو ہی مجرم بنا دیتا ہے حالانکہ وہ مظلوم ہیں، ایسے واقعات میں ملوث درندوں کو فوری سزا مل جائے تو لوگوں کی حوصلہ شکنی ہوگی، سول سوسائٹی شروع سے پولیس کے رویے کے خلاف آواز اٹھارہی ہے، سول سوسائٹی کی کوششوں کے نتیجے میں پولیس اصلاحات کا عمل بھی شروع ہوا ہے، پولیس میں اعلیٰ سطح پر رویوں میں تبدیلی آئی ہے لیکن نچلی سطح پر وہی رویہ ہے۔سماجی کارکن جبران ناصر نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کیلئے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں انصاف کی امید قائم رہنا ضروری ہے، لیکن ملک کے ادارے جنہوں نے آئین کے تحت ملک کا تحفظ کرنے کی قسم کھائی ہے وہی کوشش میں نظر آتے ہیں کہ ہم یہ امید ہار جائیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین