لاہور(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی)پاکستان سپر لیگ کرکٹ کارنیوال لاہور پہنچ گیا۔ ایونٹ کا دوسرا پلے آف منگل کو گذشتہ سال کی فائنلسٹ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہورہا ہے۔ یہ ناک آئوٹ میچ ہے۔ دونوں پلے آف کیلئے شائقین میں جوش وخروش عروج پر ہے۔ ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کررہی ہے۔ جبکہ سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئٹہ کی ٹیم گذشتہ سال کی شکست کا بدلہ لینے کے لئے بے چین ہے۔ جس ٹیم کو شکست ہوگی اسے گھر جانا پڑے گا۔ ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب بیٹسمین کامران اکمل فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔ ان کا علا ج ہورہا ہے ۔ کامران اکمل کہتے ہیں کہ میچ کے لئے فٹ ہوجائوں گا۔ شارجہ دبئی کے بعد اب کرکٹ میلہ لاہور میں سجنے والا ہے۔ لاہور میں میچوں کے لئے سیکیورٹی سخت ہے۔ پی ایس ایل میں دونوں ٹیمیں ہم پلہ دکھائی دے رہی ہیں۔ لیگ میچوں میں پشاور اور کوئٹہ نے دس میں سے پانچ پانچ میچ جیتے اور دونوں کو پانچ پانچ میچوں میں شکست ہوئی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس بار پہلا میچ شارجہ میں کھیلا گیا جس میں پشاور نے پانچ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ دبئی میں سرفراز احمد کے45رنز کی بدولت کوئٹہ چھ وکٹ سے فاتح رہا تھا۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ فائنل جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ پہلا ہدف پشاور کو ہرانا ہے۔ ڈیرن سیمی کہتے ہیں کہ گذشتہ سال فائنل کی کارکردگی دھرائیں گے اور اس بار بھی اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کریں گے۔ کامران اکمل سے مزید دومیچوں میں اچھی کارکردگی چاہتے ہیں۔ کامران اکمل نے اب تک 10 میچوں میں 43 سے زیادہ کی اوسط اور 146 کے اسٹرائیک ریٹ سے 347 رنز بنائے ہیں۔ اس میں سیزن کی واحد سنچری بھی شامل ہے جو کامران اکمل نے لاہور قلندرز کے خلاف بنائی تھی۔ 107رنز کی اس ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت کامران اکمل پی ایس ایل تاریخ میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹسمین بھی بنے۔ اب پشاور زلمی کو اگلے مقابلے میں ناک آؤٹ کا سامنا ہے یعنی کوئٹہ کے خلاف لازمی جیت درکار ہے جس میں کامران اکمل کا کردار بہت اہم ہوگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن نے سیزن میں سب سے زیادہ 22 چھکے لگائے تھے۔ اب وہ مزید ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔ واٹسن نے 10 میچز میں 35 کی اوسط اور 135 کے اسٹرائیک ریٹ سے 319رنز بنائے۔ 90 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی اس میں شامل تھی۔ لاہور کا دوسرا پلے آف جو میچ جیتے گی اسے بدھ کو کراچی کے خلاف آخری پلے آف میں شرکت کرکے اس میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ پشاور کی ٹیم میچ میں فیورٹ ہے کہ اس کو اپنے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہوگی جبکہ کوئٹہکے کیون پیٹرسن اور شین واٹسن سیکیورٹی کا بہانہ بناکر اپنے ملک جا چکے ہیں ۔ دبئی میں لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے کوالیفائر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیوک رونکی کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی رونکی نے 19 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ تیز ترین نصف سنچری کا اعزاز مشترکہ طور پر عمر اکمل اور لیوک رونکی کے پاس تھا جنہوں نے 22 گیندوں پر 50 مکمل کی تھی۔ رونکی نے صرف 39 گیندوں پر 12 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔کراچی کنگز کی ٹیم پلے آف ہارنے کے بعد پیر کی صبح لاہور پہنچ گئی ۔ کراچی کے شاہد آفریدی گھٹنے کی تکلیف سے مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں ۔ میچ سے قبل شاہد کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔ کراچی کے لئے سب سے تشویش کی بات ان کی خراب فیلڈنگ ہے۔ جس نے دو آسان کیچ ڈراپ کرکے رونکی کو ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا موقع دیا۔ کراچی کے کپتان عماد وسیم گھٹنے کی تکلیف سے صحت یاب ہوکر ٹیم میں واپس آجائیں گے۔ امارات میں پی ایس ایل تھری کے31 میچ کھیلے گئے ۔منگل کو شام سات بجے شروع ہونے والے میچ کو علیم ڈار اور راشد ریاض سپر وائز کریں گے۔ احمد شہاب ٹی وی اور آصف یعقوب ریزرو امپائر ہوں گے۔ محمد انیس میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔