ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو نے خودکشی کی یا انہیں قتل کیا گیا، چوبیس گھنٹے بعد بھی معمہ حل نہیں ہوسکا، پولیس حکام کہتے ہیں کہ فرانزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی تفتیش کی سمت کا تعین کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو کی پر اسرار موت کی تحقیقات جاری ہیں ، ڈی سی ہاؤس کی عمارت آج بھی مکمل طور پر سیل ہے اور ڈی سی ہاؤس کے تمام ملازمین بھی زیر حراست ہیں ۔
کیس کی تفتیش کے لیے ابھی تک کوئی جے آئی ٹی نہیں بنائی گئی مقامی پولیس سی آئی اے کیساتھ ملکر کیس کی تفتیش کر رہی ہے تفتیشی حکام کے مطابق ڈی سی ہاؤس میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ ، ملازمین کے موبائل فونز اور سہیل احمد کے زیر استعمال دیگر سامان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی لاش گزشتہ روزلاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی اور دونوں ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے تھے ادھر سہیل احمد کے ماموں کی درخواست پر تھانہ سول لائن میں نامعلوم افراد کیخلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ڈاکٹرز کی 5 رکنی ٹیم کے انچارج ڈاکٹر گلزار احمد کہتے ہیں کہ جسم سے حاصل کیے گئے نمونہ جات کی رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی رائے دیں گے۔