قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو بہت سمجھایا کہ پانامہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے آئیں، اپنی داڑھی کسی اور کے ہاتھ میں مت دیں،نواز شریف، شہباز شریف کے بیانیے پر آ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار چاہتے ہیں کہ انہیں پارٹی سے نکالا جائے جبکہ ن لیگ اس کوشش میں ہے کہ وہ خود چھوڑ جائیں،اب دیکھنا یہ ہے کہ کامیاب کون ہوتا ہے۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ آج کے حالات دیکھ کر یوں محسوس ہو رہا ہے کہ میاں نواز شریف اب شہباز شریف کے پیج پر آ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو بار ہا کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں پاناما ایکٹ بنایا جائے، لیکن مسلم لیگ ن نے اس پر توجہ نہیں دی۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے نگران سیٹ اپ ماننےیاماننےسےکوئی فرق نہیں پڑتا،کوشش ہوگی کہ ایسا نام آئے جوسب کےلئے قابل قبول ہو۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چوہدی نثار علی خان اور مسلم لیگ ن میں اب مقابلہ سخت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل مارشل لاء والی بات میں کوئی صداقت نہیں،شیخ رشید نےجوڈیشل مارشل لاء کی بات کرکے اوور اسمارٹ بننےکی کوشش کی۔