• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

امریکا اور اتحادیوں کا شام پر حملہ، رُوس کی مذمت

امریکا نے شام پر حملہ کردیا

امریکا نےبرطانیہ اور فرانس کی مدد سے شام پر حملہ کر دیا ۔

حملوں کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہتے شہریوں پر شام کی فوج کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو جواز بنایا ۔

         ٹاما ہاک کروز، اسٹروم شیڈو میزائلز کے حملے

امریکا کے ٹاما ہاک کروز میزائلز، برطانیہ کے اسٹروم شیڈو میزائلز نے دمشق اور حمص کے قریب مختلف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

امریکا کے دفاعی حکام کے مطابق حملے میں شام کے سائنسی تحقیقی ادارے اور کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔


برطانیہ کی وزارت دفاع کے مطابق رائل ایئرفورس کے ٹورنیڈو جی آر فورز طیاروں نے حمص کے قریب فوجی تنصیبات پر میزائل داغے۔

شام کی حکومت کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام فعال کردیا گیا ہے، اب تک 13کروز میزائل اہداف کو نشانہ بنانے سے پہلے ہی تباہ کردیے گئے۔

امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے قرارداد منظور کرانے میں ناکامی کے باوجود شام پر حملہ کر دیا۔

امریکا کے صدر ٹرمپ نے رات گئے خطاب میں شام کے خلاف فوجی کارروائی کا اعلان کیا، جس کے ساتھ ہی شامی دارالحکومت دمشق میں کئی دھماکے سنے گئے۔

              ’’مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا‘‘

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شام میں امریکی فوجی ایکشن جاری ہے، شام میں مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے،حملہ برطانیہ اور فرانس کےساتھ مل کر کیا گیا ہے۔

امریکا نے شام پر حملہ کردیا

ٹرمپ نے کہا کہ شام کا کیمیائی حملہ کرنا اس کی بنیاد بنا، شام پر حملوں کا تسلسل برقرار رہے گا۔

صدر ٹرمپ نے ایران اور روس کو شام سے تعلقات پر انتباہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ کیمیائی حملوں پرشامی حکومت اوراس کے روسی اور ایرانی اتحادیوں کا احتساب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بشارا الاسد کے مستقبل کا فیصلہ شام کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔

خبر ایجنسیوں کے مطابق ابتدائی طور پر امریکا کو برطانیہ اور فرانس کی حمایت اور تعاون حاصل ہے۔

امریکا کے ٹاما ہاک کروز میزائل، برطانیہ کے اسٹروم شیڈو میزائل سے شام کی فوجی تنصیبات، سائنسی تحقیقی ادارے اور کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی میرین کور کے جنرل ڈینفورڈ نے واضح کیا کہ حملوں میں جیٹ طیاروں نے حصہ لیا، روس کو ان حملوں اور اہداف کے بارے میں پہلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

برطانیہ کی وزارت دفاع نے بھی شام پر حملوں میں جیٹ طیاروں کے استعمال کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ حمص سے 15کلومیٹر دور فوجی تنصیبات پر میزائل داغے گئے۔









                شام کا 13 میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

شام کی حکومت کا کہنا ہے کہ بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے، حملوں کے خلاف میزائل دفاعی نظام فعال کردیا گیا ہے۔

شام کے سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کےدفاعی نظام نے 13کروز میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیے۔

شامی حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ شام پر داغے گئے30 میزائلوں میں سے 13 تباہ کردیے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملوں کا نشانہ بننےوالےفوجی اڈےاورایئرپورٹس پہلے ہی خالی کرالیے گئے تھے۔

شام کی فوج کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے ابھی امریکا اور اس کے اتحادیوں کے شام پر حملے ختم ہو گئے تو انہیں محدود سمجھا جائے گا۔

شامی سرکاری ٹی وی کے مطابق سینئر عہدے دار نے اس حملے کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ اس کارروائی سے عالمی برادری کی شام سے متعلق خواہش کو ٹھیس پہنچی،امریکا اور اس کے اتحادیوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

شامی سرکاری ٹی وی کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی اتحادیوں نے حمس میں اسلحے کے ڈپوؤں پر حملہ کیا،حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، جس سے دہشت گردوں کے چنگل سے نکلنے میں کامیابی حا صل نہیں ہو گی۔

ادھر ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت45 تنظیموں نے اقوام متحدہ سے کیمیائی حملوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

فرانس نے شام پر حملوں کے لیے جانے والے جنگی طیاروں کے مناظر جاری کر دئے ۔۔

             شام، روس اور ایران کا احتساب کریں گے

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر حملے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کیمیائی حملوں پرشام کی حکومت، اس کے روسی اور ایرانی اتحادیوں کا احتساب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوجی کارروائی اس وقت تک جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں جب تک شام کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال ختم نہیں کرتا، روس شامی کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق وعدے پر قائم نہیں رہا۔

        حملوں کا مقصد شامی حکومت کی تبدیلی نہیں

برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا مےکا کہنا ہے شام پر حملوں کے سوا کوئی اور آپشن نہیں تھا،حملوں کا مقصد شامی حکومت کے کیمیائی ہتھیاروں کی صلاحیت ختم کرناہے۔

امریکا نے شام پر حملہ کردیا

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت شام کی خانہ جنگی میں مداخلت اور بشار الاسد کی حکومت تبدیل کرنے کے مقاصد نہیں رکھتی۔


                شام پر صرف ایک بار حملہ کیا گیا

امریکی وزیر دفاع  جیمز میٹس نے کہا ہے کہ شام پر صرف ایک بار حملہ کیا گیا، مقصد شام کے صدر کو واضح پیغام دینا ہے۔

امریکا نے شام پر حملہ کردیا

ان کا کہنا ہے کہ فضائی حملے میں اب تک کسی شخص کے مارے جانے کی اطلاع نہیں،میزائل حملوں میں اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا گیا کہ معصوم شہری نشانہ نہ بن جائیں ۔

امریکی وزیر دفاع نے پریس بریفنگ میں یہ بھی کہا کہ آئندہ حملے کا انحصار شام کی جانب سےمستقبل میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعما ل پر ہے ۔

فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا۔

امریکا نے شام پر حملہ کردیا
کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال برداشت نہیں کریں گے

انہوں نے کہا کہ فرانس نے شام کے خلاف کارروائی میں امریکا اور برطانیہ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد شامی حکومت کی کیمیائی ہتھیاروں کی پیداوار کو نشانہ بنانا اور نہتے شہریوں پر اس کا استعمال روکنا ہے۔

        حملوں کا جواب ہر حال میں دیا جائے گا، روس

روس نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کو شام میں کی گئی کارروائی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

امریکا میں روس کے سفیر  اینٹولی ایٹونو نے کہا ہے کہ امریکی حملوں کو جواب کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔

امریکا نے شام پر حملہ کردیا
امریکا میں روس کے سفیر اینٹولی ایٹونو

انہوں نے کہا کہ امریکا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہاہے، امریکی اتحاد کا شام پر حملہ کھلی جارحیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کے صدر کی توہین ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔


     ’حملے شام کے اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی ہیں‘

ایران نے شام پر حملوں کو خطے کے لیے خطرناک قرار دے دیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ شام پر حملے شام کے اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی ہیں،شام پر امریکی حملوں کے خطے میں نتائج بھگتنا ہوں گے.

                         ’ٹرمپ ہٹلر ثانی ہیں‘

امریکا نے شام پر حملہ کردیا
ٹرمپ ہٹلر ثانی ہیں,ڈپٹی چیئر مین دفاعی کمیٹی ڈوما

ڈپٹی چیئر مین دفاعی کمیٹی ڈوما کہتے ہیں کہ ٹرمپ اور ہٹلر ایک سے ہیں، بلکہ ٹرمپ ہٹلر ثانی ہیں۔

امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ڈنفورڈ کا کہنا ہے کہ شام میں اس اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں کیمیائی ہتھیاروں کو ذخیرہ کیا گیا تھا۔

امریکی اور اس کے اتحادیوں کے حملے کا پہلا ہدف شام میں سائنسی تحقیقاتی مرکز تھا۔

سر براہ پینٹا گون کا کہنا تھا کہ شامی صدر کو واضح پیغام بھیجا ہے۔

              کینیڈا کی شام پر حملے کی حمایت

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے شام پر امریکی حملوں کی حمایت کر دی ۔


  انہوں نے کہا کہ کینیڈاامریکا، برطانیہ اور فرانس کی جانب سے اسدحکومت کی کیمیائی حملوں کی صلاحیت کو نشانہ بنانے کی حمایت کرتا ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ غوطہ میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان واقعات کی تحقیقات کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔


             جنگ نہیں چاہیے، وہائٹ ہاؤس پر احتجاج


امریکا نے شام پر حملہ کردیا

ادھر شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کے خلاف وہائٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق مظاہرین کے ایک چھوٹے گروپ نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ شام پر بمباری بند کی جائے،مظاہرین کے پلے کارڈز پر درج تھا کہ ہمیں جنگ نہیں چاہیے۔


تازہ ترین
تازہ ترین