• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کو بیرونی دشمنوں سے زیادہ کرپٹ عناصر اور آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے، سراج الحق

ملک کو بیرونی دشمنوں سے زیادہ کرپٹ عناصر اور آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے، سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی یوتھ الیکشن میں منتخب ہونے والی نوجوان قیادت نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں اپنا مؤثر کردار اداکرے گی، ملک کو بیرونی دشمنوں سے زیادہ کرپٹ عناصر اور آستین کے سانپوں سے خطرہ ہے۔ جماعت اسلامی 20اپریل کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریگی اگر عوام کو ریلیف نہ ملا تو 27اپریل کو کراچی میں ہڑتال کرے گی، عوام اور تمام طبقات اس احتجاج اور ہڑتال میں شریک ہوں۔ کراچی میں 6مئی کو یوتھ الیکشن کی منتخب قیادت اور دیگر نوجوانوں کو جمع کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز جے آئی یوتھ الیکشن کے دوسرے مرحلے میں لیاقت آباد ڈاکخانہ چورنگی پر قائم پولنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر نوجوانوں سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کراچی یوتھ الیکشن میں شریک مختلف پینلز کے نامزد صدور، سیکرٹریز سے ملاقات اور پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکرٹری کراچی عبد الوہاب، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر حافظ بلال رمضان سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کراچی یوتھ الیکشن کے دوسرے مرحلے میں ضلع وسطی، شرقی اور بن قاسم کے اندر 105یوسیز میں اور 220پینلز کے درمیان انتخابات ہوئے اور پولنگ کا عمل صبح 9بجے سے شام 7بجے تک جاری رہا ۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نوجوان قیادت کو قومی سیاست میں آگے لائے گی اور عام انتخابات میں 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیئے جائیں گے۔ہم ہر نوجوان کو ڈاکٹر عبد القدیر خان بنائیں گے، لائبریریاں اور لیبارٹیز آباد کریں گے ، کرپٹ اور بزدل قیادت کے باعث ملک کے ادارے تباہ ہوئے ہیں اور امریکا و بھارت آج ہمیں آنکھیں دکھاتے ہیں۔ کراچی مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے، بلدیاتی قیادت اور سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملک کے سب سے بڑے شہر کو پینے کا صاف پانی اور بجلی میسر نہیں ، کراچی میں مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی نے ہر آئینی و قانونی اور جمہوری طور پر جدوجہد کی ہے ، کے الیکٹرک کے خلاف حکومت کی طرف سے کوئی سنجیدہ اقدامات اور سرگرمی نہیں دکھائی گئی۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان نوجوانوں کا ہے ، ہم نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے ان کو ہمت و حوصلہ دیں گے اور آگے لائیں گے دیگر جماعتوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نوجوانوں کو قیادت میں جگہ دیں۔

تازہ ترین