• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی کوچ نے ایشین گیمز میں بہتر کارکردگی کی گارنٹی دیدی

  گولڈ کوسٹ ( نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمز کے بعد پاکستان کی ہاکی، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن ٹیمیں بدھ کو وطن پہنچیں گی۔ ویٹ لفٹنگ ٹیم منگل کو پہنچے گی۔ شوٹنگ ٹیم پیر کی شام کراچی پہنچ گئی۔ کامن ویلتھ گیمز میں قومی ہاکی ٹیم نے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹیمنز نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں البتہ اس میں کچھ تبدیلی ضرور آئی ہے۔ غیر ملکی ٹیموں کے نہ آنے سے پاکستان ہاکی کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے، اس سلسلے میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی میں بہت زیادہ تبدیلیوں کی ضرورت ہے، زیادہ تر کھلاڑیوں کا فٹنس لیول اچھا نہیں، جونیئر سطح پر ہاکی اکیڈمی میں اچھے فزیکل ٹرینر کو لانا چاہیے، پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد سے امید ہے کہ ملک میں ہاکی کو فروغ ملے گا، پاکستان کے کئی ہاکی کھلاڑی ملازمت کے حوالے سے بھی پریشان ہیں، حکومت کو اس پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں ناکامی کی ایک وجہ گول کے چانسز سے فائدہ نہیں اٹھانا ہے، اس خامی کو دور کرنے میں کچھ وقت لگے، بعض کھلاڑیوں کی غذا کا شیڈول بھی درست نہیں ہے اس پر بھی کام کروں گا،گارنٹی دیتا ہوں ایشین گیمز میں پرفارمنس بہتر ہوگی، جکارتا اور پلم بینگ کا موسم کراچی سے ملتا جلتا ہے، کوشش ہوگی کہ چند دن کے آرام کے بعد ایشین گیمز کے لئے کیمپ شروع ہوجائے، ایشین گیمز اولمپک گیمز میں رسائی کے لئے اہم ہے۔ 
تازہ ترین