کراچی (اسٹا ف رپورٹر) جٹ لائن میں ایک شخص نے خود کو آگ لگا کر خود کشی کر لی،تفصیلات کے مطابق بریگیڈ تھانے کی حدود جٹ لائن تانگہ اسٹینڈ کے قریب واقع گھر کے اندر پیر کی صبح 28سالہ فیروز ولد مہدی حسن نے خود کو آگ لگالی۔ایس ایچ او اکبر حمید غوری کے مطابق متوفی کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم راستے میں ہی وہ دم توڑ گیا۔ متوفی کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا اور وہ نشہ بھی کرتا تھا۔ سکھن تھانے کی حدود لیبر اسکوائر مکان نمبر142کی رہائشی 35سالہ خالدہ زوجہ محمد فاروق نے پیر کی دوپہر پنکھے سے پھندا لگا کر خود کشی کر لی،متوفیہ کی لاش کو ریسکیو ادارے کی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا پولیس کے مطابق متوفیہ کے شوہر کا کہنا ہے کہ اسکی بیوی کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا ۔دریں اثناسچل تھانے کی حدود سپرہائی وے جیوانی ہائٹس سے گر کر 30سالہ صائمہ زوجہ عاطف جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ اپنے 7سالہ بچے کو بچاتے ہوئے پاؤں سلپ ہونے کی وجہ سے نیچے گر کر جاں بحق ہوگئی ۔