لاہور (خالد محمود خالد)متروکہ املاک وقف بورڈ کے حکام نے بیساکھی کے میلے میں شرکت کے لئے پاکستان آکر لاپتہ ہو جانے والے بھارتی شہری امرجیت سنگھ کو شیخوپورہ سے تحویل میں لے لیاہے۔ اسے آج منگل کے روزڈی پورٹ کر کے واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ کر دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق امرتسر کے نواحی علاقہ نرنجن پور کا رہائشی امرجیت سنگھ جوکہ 12اپریل کو 1700سکھ یاتریوں کے ہمراہ خصوصی ٹرین میں امرتسر سے پاکستان پہنچا تھا اور امیگریشن کے بعد حسن ابدال اور وہاں سے ننکانہ چلا گیا تھا۔تقریباً ایک سال قبل اس کی فیس بک کے ذریعے شیخوپورہ کے ایک کباڑیے عامر رزاق سے دوستی ہو گئی تھی ۔ ننکانہ صاحب پہنچ کر امرجیت نے عامر رزاق کو فون کیا اور اس سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کے جس پر عامر رزاق نے اسے شیخوپورہ آنے کی دعوت دے دی۔ امرجیت بغیر ویزے کے شیخوپورہ پہنچ گیا جہاں عامر نے اس کی خوب آئو بھگت کی اور وہ تین دن اس کے گھر پر رہا۔اسی دوران جیو نیوزپر امرجیت کی گمشدگی کی خبر نشر ہوئی تو عامر نے امر جیت سے اس بارے میں بات کی جس پر امرجیت نے بتایا کہ اس کے پاس تین ماہ کا ویزہ ہے اس لئے اسے گھبرانے کی ضرورت نہیں تاہم اگلے روز جنگ میں امر جیت کی تصویر شائع ہونے کے بعد عامر رزاق پریشان ہو گیا اور اس نے متروکہ املاک وقف بورڈ کے حکام سے رابطہ کیاجنہوں نے سوموار کو شیخوپورہ میں عامر رزاق کے گھر سے امر جیت سنگھ کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے لاہور لے آئے جہاں سے آج منگل کے روز اسے ڈی پورٹ کر کے بھارت بھیج دیا جائے گا۔ حکام اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ تین روز شیخوپورہ میں اس کی کیا مصروفیات رہیں۔واضح رہے کہ امر جیت سنگھ چند ماہ قبل ملائشیا سے واپس بھارت پہنچا تھا اور یورپ جانے کے لئے کوششیں کر رہا تھا۔