نئی دہلی (اے پی پی)بھارت کے نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس دیپک مشرا کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی درخواست ناقابل قبول، غیر قانونی اور غیر مناسب قرار دےکر مسترد کر دی۔دیپک مشرا کے خلاف بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیا سبھا کے مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 64 ارکان نے ایک درخواست دی تھی جس میں انہوں نے چیف جسٹس پر غیر شائستہ گفتگواور حساس مقدمات اور ججز کی تقرریوں کے لئے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزامات عائد کئے تھے۔نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے صحافیوں کو اپنا تحریری فیصلہ دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں سامنے آنے والے الزامات سے عدلیہ کی آزادی کو شدید نقصان پہنچنے کا احتمال ہو گا جو بھارتی آئین کا بنیادی جز ہے۔بھارتی آئین کے مطابق سپریم کورٹ کے جج کو صرف صدر کے حکم پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں دو تہائی ارکان کی منظوری کے بعد بر طرف کیا جا سکتا ہے۔