• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گوشہ گیان

س-ج-ب

حقیقی جذبے ،فکر کی بلندی اور اس سے ہم آہنگ فضا اعلیٰ ادب کی تخلیق کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ یہ فضا گوشئہ گیا ن کی صورت میں الحمرا میں عوام کو مہیا کی جارہی ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار سابق گورنر پنجاب خالد مقبول نے الحمرا میں موجود برگد کے درخت کے نیچے گوشئہ گیا ن کی افتتاحی تقریب میںکیا۔ اس موقع پر جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول کا کہنا تھا کہ گوشئہ گیان ہمارے ماضی اور حال کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔

تخلیقی عمل فطری ماحول سے وابستہ ہوتا ہے اور یہ ماحول گوشہ گیان میں مہیا کیا گیا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا کیپٹن عطاء محمد نے کہا کہ ہمارے پاس بوہڑ کا بہت پرانا درخت تھا۔ ہم سنتے تھے او دیکھتے تھے کہ ہمارے بزرگ ایسے بڑے بڑے درختوں کے نیچے بیٹھتے تھے۔ 

ان درخت کے پتوں کی چھائوں میں اللہ کی خاص رحمت نظر آتی ہے۔ہم نے یہ سوچا کہ یہاں ایک ایسی بیٹھک سجائی جائےجہاں کسی قسم کے تکلفات نہیں ہوں گے۔اس بیٹھک کا بنیادی مقصد حقوق العباد کی طرف لوگوں کو متوجہ کرنا ہے۔ہم کسی حد تک حقوق اللہ تو پورے کر لیتے ہیں لیکن حقوق العباد ہم صحیح طرح ادا نہیں کر پاتے۔میرا خاص طور پر فوکس برداشت اور امن پر ہے جو ہم میں ختم ہوگیا ہے۔یہاں صوفیاء کے کلام کی گائیکی بھی ہوگی۔

گوشہ گیان

اس گوشئہ گیان کی ہفتہ وار بیٹھک ہر جمعرات کی سہہ پہر منعقد ہوا کرے گی جس میں ہر خاص وعام (عمر کی کوئی قید نہیں)شامل ہوسکتے ہیں۔ ہماری زیادہ کوشش یہ ہوگی کہ ایسے ایسے لوگوں کو بلایا جائے جو اس موضوع پر اچھی طرح بول سکیں اور سمجھا سکیں کہ حقوق العباد ادا کرنا کس حد تک ضروری ہے۔ہمارے دانشور ،ادیب ،شاعراور ،سکالرز کو بھی یہا ں مدعو کیا جائے گا،جس سے نوجوان نسل کے سماجی ومعاشی رویوں کی گرومنگ ممکن ہوسکے گی۔ یہاں آپس میں گفتگو ہوگی۔ سوالوں کے جواب دئیے جائیں گے۔ کوئی فارمل فنکشن نہیں ہوگا۔

گوشہ گیان

اس سے لوگوں کو آگاہی ملے گی کہ اصل میں حقوق العباد کیا ہیں۔انہوںنےمزید کہا کہ ہم میں سے بےشمار لوگوں کا بچپن دیہات میں گزرا ہے لہٰذا گوشئہ گیان ہمیںاپنی زندگی کی ان عمدہ روایات سے جوڑے گا جن کی ہمیں آج ضرورت ہے ۔اس گوشئہ گیا ن کا ماحول ان کلاسک عناصر پر مبنی ہو گا جودیہات کے ماحول کی عکاسی کرے گا۔ پانی کے کچے گھڑے ، رنگین چارپارئیاں، موڑے ،علامتی حقہ اور وہ تمام عناصر اس ماحول میں رکھے گئے ہیں جن کو ہم بچپن میں دیکھا کرتے تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری نے اس حوالے سے کہا کہ ایک ادبی اور ثقافتی ادارہ ہونے کے ناطے اپنی اچھی اقدار کو زندہ رکھنا ہمارافرض ہے۔ تقریب میں الحمرا کے تمام افسران اور سٹاف کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعدا د نے شرکت کی اور الحمرا کے اس اقدام کو پذیر ائی بخشی ۔

تازہ ترین
تازہ ترین