سکھر (بیورو رپورٹ ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم تو محتاج ہے اپنے بانی کی اگر وہ مہاجروں کو کہہ دے کہ ووٹ نہیں دینا تو ایم کیو ایم چٹ ہوجائے گی ، نواز شریف جیل جاتے ہوئے مجھے نظر نہیں آتے ، تین بار خلائی مخلوق کی مرضی سے ہی وہ وزیراعظم بنے نگراں وزیراعظم کا نام وقت سے پہلے زبان سے نہیں نکالوں گا ، میں نے زبان سی لی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ایسا نام آئے جو پوری قوم کو محسوس ہو کہ یہ نام بہتر ہے، دعا کریں کہ اس امتحان میں سرخرو ہو کر نکلوں، میڈیا کی کوشش ہے کہ میں کسی طرح نگراں وزیراعظم کا نام بتادوں ، لیکن میں ایسا نہیں کروں گا کیونکہ جب بھی کوئی نام سامنے آئے تو جتنا اچھا پس منظر ہو میڈیا اس کا تیا پانچا کردیتا ہے۔ الیکشن وقت پر ہوں گے، ہر پاکستانی کو دعا کرنی چاہیئے کہ الیکشن وقت پر ہوں یہ ملک کے لئے بہتر ہوگا۔وہ سکھر میں آغا بدر الدین لا کالج کی نئی عمارت کے تعمیراتی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سندھ میں پانی کا بحران ہے، سندھ کے لوگ سراپا احتجاج ہیں اور پیپلزپارٹی اس کا حصہ ہے، ہماری ذمہ داری ہے ، ہم عوام سے ووٹ لیتے ہیں یہ ظلم ہے کہ آج پانی نہیں ہے، پانی غلط وقت پردیا گیا، دو، تین فلڈ کینال کھولے گئے ہیں جنہیں بند کرنا چاہیئے، 91کے پانی کے معاہدے کی بہت بڑی خلاف ورزی ہورہی ہے۔