• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

انیل کپور کی لاڈلی سونم کپور کی شادی میں شوبز ستاروں کا جشن

انیل کپور کی لاڈلی سونم کپور کی شادی میں شوبز ستاروں کا جشن

انیل کپورکی لاڈلی سونم کپور اب’’ سونم آہوجہ‘‘ ہوگئی ہیں۔ سونم کی شادی کی تقاریب پچھلے ہفتے تمام فلمی خبروں پر بھاری رہی۔ سونم جو اسٹار تو ہیں، لیکن’’ فیشن آئیکون‘‘ بھی ہیں ،ان کی شادی میں بالی وڈ کے بڑے بڑے ستارے جگمگائے۔ظاہر ہے سونم نہ صرف اداکار ہیں ،بلکہ انیل کپور کی بیٹی،بونی کپور اورسنجے کپور کی بھتیجی۔ارجن کپور ،جھانوی کپور اورخوشی کپور کی کزن بھی ہیں۔سونم کی شادی میں بچن خاندان ،عامر خان ، سیف علی خان،کرینا کپور اور کرشمہ کپور سمیت تقریبا پورا بالی وڈ امڈ آیا، لیکن سب سے زیادہ ہلا گلا سلمان خان، شاہ رخ خان اور رنویر سنگھ نے مچایا۔ خوب ڈانس کیا،مستی کی،گانے گائے اور سب کو انٹر ٹین کیا۔ لوگ کہتے ہیں سونم نے تھوڑا جلدی شادی کرلی، حالاں کہ ایسا نہیں۔ سونم کی عمر32سال ہے اور وہ شادی سے پہلے فلم فیئر ایوارڈ،نیشنل ایوارڈ اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ جیسے اعزازات اپنے نام کرچکی ہیں۔ انہوں نے دس برس کے کیریئر میں سانوریا،موسم،رانجھنا،خوب صورت، پریم رتن دھن پایو اورنیرجا جیسی بڑی فلموں میں کام کیا ۔سونم، بہ طور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فلم’’ بلیک‘‘ میں سنجے لیلیٰ بھنسالی کو اسسٹ بھی کرچکی ہیں۔ ان کی دو فلمیں ویرے دی ویڈنگ اورسنجو اسی جون میں ریلیز ہوں گی۔سونم فرانس کے مشہور فلمی میلے’’ کانز فلم فیسٹیول‘‘میں پہلی بار سونم کپور نہیں سونم آہوجہ بن کر شرکت کر رہی ہیں۔

کانز فلمی میلے میں سونم اکیلی نہیں، وہاں ان کے ساتھ دپیکا پڈوکون اور ایشواریارائے بھی موجود ہیں ۔ہما قریشی، کنگنا اور دیویادتہ بھی اس بار فلمی میلے میں بالی وڈ کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان کی یہ پہلی کانز انٹری ہے ۔کانز فیسٹیول1946سے سالانہ منعقد ہوتا ہے، لیکن اب اسے فلمی فیسٹیول کی وجہ سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔

دنیا صرف اس میلے میں نہیں ہر جگہ سمٹ رہی ہے ۔اب پہلی بار کسی ہالی وڈ کی فلم نے بالی وڈ کے دیس میں 200کروڑ کا چھکا لگایا ہے۔ سپر ہیروز کی بارات والی ’’ایوینجرز‘‘ نے انڈیا میں ’’جنگل بک‘‘ کا 187کروڑ کا ریکارڈ توڑا ہے ۔ایوینجرز، وہاں تین سو کروڑ کا بیریئر توڑے یا نہیں، لیکن فلم کا ڈھائی سو کروڑ سے اوپر کا بزنس پکا ہے۔ ایونجرز پہلے ہی ’’ بلیک پینتھر‘‘ کو ہرا کر دنیا بھر میں ہالی وڈ کی اِس سال کی کام یاب ترین فلم بن چکی ہے ۔دل چسپ بات یہ ہے کہ ’’بلیک پینتھر‘‘ خود اِس ایوینجرز میں سپر ہیروز کی ٹیم کا حصہ ہے۔

انیل کپور کی لاڈلی سونم کپور کی شادی میں شوبز ستاروں کا جشن

ٹیم تو پُوری ’’ریس تھری ‘‘ میں بھی ہے ، جس کے کپتان کوئی اور نہیں بالی وڈ کے سلطان، سلمان خان ہیں۔ ریس کا ٹریلر آج ریلیز کیا جائے گا۔ فلم میں ریس اور ریس ٹو کی طرح سیف علی خان نہیں ہیں، ان کی جگہ سلمان خان نے لے لی ہے۔ سلمان کے ساتھ انیل کپور ،بوبی دیول،ثاقب سلیم اور جیکولین بھی ریس تھری میں نظر آئیں گے۔ پُرانی ریس کے ہیرو کی طرح پرانے ڈائریکٹرز عباس مستان کی بھی چھٹی ہوگئی ہے ۔ اس بار فلم کی ڈائریکشن کی ذمے داری سب کو ڈانس کی ’’ اے بی سی ڈی‘‘ سکھانے والے ریمو نے نبھائی ہے ۔فلم کی ریلیز میٹھی عید پر ہوگی۔ میٹھا تو منہ لمبو جی اور ٹنگو جی کا بھی ہوا ہے، کیوں کہ دونوں کی برسوں بعد ایک ساتھ انٹری کام یاب ہوگئی ہے۔102ناٹ آؤٹ، میں باپ بیٹے کے منفرد رول میں دونوں کو فلم بینوں نے خوب پسند کیا۔ چھوٹے بجٹ کی یہ فلم صرف اپنے دیس میں35کروڑ کا بزنس کرچکی ہے ۔ بگ بی اور چنٹو جی پہلی بار ایک ساتھ آج سے 41سال پہلے فلم’’ کبھی کبھی‘‘ میں نظر آئے تھے۔ کبھی کبھی میں سسر داماد کا کردار ادا کرنے والے یہ دونوں اداکار کئی فلموں میں بھائی اور دوست بھی بن چکے ہیں۔27سال پہلے دونوں کی آخری فلم ’’عجوبہ‘‘ باکس آفس پر بُری طرح ناکام ہوئی تھی۔دل چسپ بات یہ بھی ہے کہ امیتابھ اور رشی کپور دونوں نے اسٹار ڈم 1973میں فلم بوبی اور زنجیر سے حاصل کیا تھا اور اس سے بڑی بات یہ کہ رشی کپور نے امیتابھ کے مقابلے میں اُس وقت ایوارڈ بھی جیت لیا تھا۔ جیت تو نہیں سکی باہو بلی 2،چین والوں کے دل، جس کی وجہ سے اب اس فلم کا بزنس دنگل سے اوپر نہیں جاسکے گا۔ باہو بلی نے دنگل سے کام یاب ترین فلم کا ریکارڈ چھینا تھا۔ صرف بھارت میں اب بھی باہو بلی دنگل سے زیادہ کام یاب فلم ہے، لیکن بات دنیا بھر کی ہو تو دنگل کے 32ارب پاکستانی روپوں کے بزنس کا ریکارڈ محفوظ ہے۔ صرف چین میں20ارب کی کمائی نے دنگل کو کام یاب ترین فلم بنایا اور چین میں ہی کم بزنس کی وجہ سے باہو بولی دنگل سے پیچھے رہنے پر مجبور ہوگئی۔ پیچھے تو چھوڑ دیا ہے سب گانوں کو فلم ٹائیگر زندہ ہے کے گانے ’’سواگ سے کریں گے سب کا سواگت‘‘ نے۔ یُو ٹیوب پر اس گانے کوصرف چھ مہینوں میں44کروڑ بار دیکھ لیا گیا ہے ۔یہ گانا بالی وڈ کا پہلا گانا بن سکتا ہے، جسے صرف یو ٹیوب پر 50کروڑ بار دیکھ لیا جائے۔گانے میں سلمان خان اور کترینا کیف کی کیمسٹری،ڈانس اور خوب صورت لوکیشن کا بھی کمال تھا۔اس گانے کے موسیقار وشال اینڈ شیکھر ہیں۔اس گانے سے پہلے بالی وڈ کا سب سے مقبول گانا فلم ’’بے فکرے‘‘ کا ’’نشے سی چڑھ گئی‘‘ تھا۔

انیل کپور کی لاڈلی سونم کپور کی شادی میں شوبز ستاروں کا جشن

چڑھا ہوا تو جادو ہے، فلم سنجو کے ٹیزر کا جو دیکھتا ہے، وہ دیکھتا رہتا ہے۔ اب سب کوسنجو کے ٹریلر اورفلم کے ریلیز ہونے کا انتظار ہے۔سنجو ،منا بھائی ایم بی بی ایس ،لگے رہو منا بھائی، تھری ایڈیٹس اور پی کے بنانے والے را ج کمار ہیرانی کی پانچویں فلم ہے ۔سنجے دت کی زندگی پر بننے والی اس فلم میں رنبیر کپور نے سنجو کا ٹائٹل رول نبھایا ہے۔یہ فلم گرمیوں کی چھٹیوں کے سیزن میں ریلیز ہوگی۔

سیزن تو شادیوں کا چلا ہوا ہے، بالی وڈ میں سونم کپور کی شادی کا ذکر تو ہوگیا، اس کے علاوہ سابق ملکہ حسن اور اداکارہ نیہا دھوپیا نے اداکار انگد بیدی اور ہمیش ریشمیا نے سونیا کپور کے ساتھ سات پھیرے لے لیے ۔ ہمیش ریشمیا کا کیا تعارف ہو، وہ موسیقار بھی شاعر بھی ہیرو بھی ڈائریکٹر بھی گلوکار بھی پروڈیوسر بھی۔ایک وقت آگیا تھا، جب ہمیش ریشمیا بالی وڈ کے سب سے بڑے راک اسٹار بن گئے تھے، پھر جتنی جلدی ان کا عروج ہوا، اس سے بھی تیز زوال۔ بہ طور موسیقار تو وہ اب بھی مانگ میں ہیں لیکن اب بہ طور ہیرو یا گلوکار انھیں کوئی دیکھنا اور سننا نہیں چاہتا۔

تازہ ترین
تازہ ترین