• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جادوئی خصوصیات کا حامل ’’دہی‘‘

مہرالنساء

دہی نہایت بہترین اور صحت بخش غذا ہے اور ہمارے روز مرہ کے تقریباََ تمام ہی کھانوں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔ دہی کے رائتے کے بغیر تو دسترخوان ہی ادھوراسالگتا ہے۔ دہی میں ہماری صحت وتندرستی کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ضروری وٹامنز کی خصوصیات کثیر مقدار میں موجود ہوتی ہے۔چوں کہ ماہ رمضان کچھ عرصے سےگرمیوں میں آرہا ہے لہذا جسم کو چاق و چوبند رکھنے اور گرمی کے اثرات سے بچنے کے لیے سحر و افطار میں دہی کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔لسی سمیت دہی سے بننے والے پکوان بہت رغبت سے کھائے جاتے ہیں۔دہی کا استعمال صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے اس میں موجود معدنیات اور وٹامن ایک بھر پور اور توانا زندگی فراہم کرتےہیں۔

دہی صدیوں سے انسانی خوراک کا حصّہ رہاہے۔ قدیم زمانے سے انسان گائے، بکری، بھینس، اونٹ اور بھیڑ کے دودھ کو بطورغذا استعمال کرتا آرہا ہے ،جب کہ دودھ سے بننے والا دہی بھی نہ صرف کھانوں کو لذت بخشتا ہے بلکہ غذائیت بھی فراہم کرتا ہے اور جسم کی ضروریات کو بھی پورا کرتا ہے،بلاشبہ دہی کو جادوئی خصوصیات کا حامل بھی کہا جاسکتا ہے۔ طبی لحاظ سے بھی دہی نہ صرف خاصا مفید اثرات کا حامل ہے بلکہ اس کا استعمال بہت سی بیماریوں سے بچاتا ہے۔

ہڈیوں کے لئے اہم غذا:

دہی میں شامل کلیشیم اور وٹامن ڈی ہڈیوں کے لیے انتہائی اہم ہیں اور اس کا روز مرہ استعمال ہڈیوں کی مضبوطی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے جب کہ ہڈیوں کو بہت سی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔

بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے مفید:

دہی کا استعمال بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے اس میں شامل پوٹاشیم بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

وزن کم کرنے میں مدد گار:

ایک تحقیق کے مطابق دہی کا استعمال وزن کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس میں موجود کلیشیم جسم میں موجود چربی کو پگھلاتا ہے اور وزن کو بڑھنے سے روکتا ہے۔

وٹامن سے بھر پور:

دہی وٹامن سے بھر پور غذا ہے۔ اس کا ایک کپ روزانہ جسم میں پوٹاشیم، فاسفورس، وٹامن بی 5، آیوڈین اور زنک کی کمی کو پورا کرتا ہے اور صحت منداور توانا زندگی دیتا ہے۔

خوبصورت جلد کے لیے اہم غذا:

آج کے دور میں زیادہ تر خواتین اپنی جلد کے حوالے سے کافی حساس ہوتی ہیں اور اس کی خوبصورتی کے لیے کئی جتن کرتی ہیں جب کہ دہی میں موجود خصوصی آکسیڈ جلد کو بہتر نشوونما فراہم کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ جلد میں موجود ڈیڈ سیلز کا بھی خاتمہ کرتے ہیں۔

کریمی سفید رنگت کا حامل دہی نہ صرف جسمانی صحت کے لیے مفیدو فائدہ مند ہے بلکہ اس میں موجود قدرتی صحت بخش اجزاء کی خصوصات جلد کو صحت مند اور بالوں کو مضبوطی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ اس میں بڑی مقدار میں (لیکٹک ایسڈ) کی خوبی موجود ہوتی ہے جو جلد اور بالوں کی نگہداشت وحفاظت کے لیے بہت کارآمد ہے۔دہی کی مدد سے آپ تھکی ہوئی پژمردگی کا شکار اور گہری رنگت کی حامل جلد میںدوبارہ جان ڈال سکتی ہیں اور اس میں قدرتی دلکشی ونکھار پیداکرسکتی ہیں۔ ایک پیالے میں گاڑھادہی لیں۔ اس کوہلکے سے نم چہرے پرنہایت ملائمت کے ساتھ اپلائی کرکے آہستگی سے مساج کریں اور 10-15منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد سادے پانی سے چہرہ دھوکر صاف کرلیں ۔دہی میں موجودلیکٹک ایسڈ قدرتی ہائیڈرو آکسائل ایسڈ ہے جوجلد کونمی اور ہمواریت فراہم کرنے اور ایکسفولیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عمر رسیدگی کے اثرات سے محفوظ رکھتا ہے:

دہی میں حیرت انگیزطور پر فری ریڈیکلزکوکنٹرول کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے اور یہ عمر رسیدگی کے اثرات سے بچاؤ کی خصوصیات بھی رکھتا ہے، جو جلد پر باریک ومہین لکیروں اور جھریوں کو نمودار ہونے سے روکتا ہے۔ دہی میں موجود لیکٹک ایسڈ قبل ازوقت جلد کو بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔جلد کو جھریوں سے دورجوان اور چمکدار کرنے کے لیے آپ ایک نہایت پر اثر فیس پیک تیار کرسکتی ہیں۔ 1چمچہ زیتون کا تیل اور 3چمچے دہی کومکس کرکے 30منٹ تک چہرے پرلگاکر چھوڑ دیں۔ یہ فیس پیک آپ ہفتے میں 3دفعہ ضرور استعمال کریں۔ آپ اپنی جلد کی ملائمت اور تازگی کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گی۔

تازہ ترین