تفہیم المسائل
سوال:صدقۂ فطر کی ادائیگی کے لئے قرض لیا جاسکتا ہے یا نہیں ؟( محمد رفیق شاہ ،کراچی)
جواب:صدقۂ فطر ہرصاحبِ نصاب مسلمان پر واجب ہے ،لیکن صدقۂ فطر کے وجوب کے لئے نصاب پر سال گزرنا یا سال بھر صاحبِ نصاب رہنا شرط نہیں ہے ۔ نصابِ شرعی کی مقدار 612.36گرام چاندی یا اُس کی رائج الوقت قیمت کے مساوی نقد رقم ہے جو اس کی بنیادی ضرورت سے زائد ہو ۔ سونے کا نصاب اس وقت معتبر ہے جب کسی کے پاس صر ف سونا ہو ،اگر کچھ سونا ہے مثلاً ایک یا دوتولے اور کچھ چاندی یا نقد رقم ہے تو پھر پوری مالیت نکالی جائے گی اور چاندی کا نصاب (یعنی36ء612گرام چاندی کی موجودہ قیمت ) کا معتبر ہوگا ۔
اگر عیدالفطر کے دن یعنی یکم شوال المکرم کو وقتی ضرورت سے زائد کم ازکم نصابِ زکوٰۃ کے برابر رقم نہیں ہے تو ایسے شخص پرفطرہ واجب نہیں ہے اور اِس کی ادائیگی کے لئے قرض لینے کی حاجت نہیں ہے۔ ایسا شخص جو فطرہ اداکرنے کی اہلیت نہیں رکھتا ،اُس پر فطرہ اداکرنا واجب نہیں۔البتہ وہ صدقۂ فطر لینے کا استحقاق رکھتا ہے،اگر سب ہی فطرہ دینے والے ہوں تو لینے والا کون ہوگا؟قرض لے کر وہ اپنے اوپر ایک غیر واجب چیز کو ازخود واجب کررہا ہے ۔مفلس شخص اگرچہ مُکلَّف نہیں، لیکن اگر قرض لے کر فطرہ اداکیا تو فطرہ اداہوجائے گا۔ مالدار شخص اگر کسی سبب سے اُس وقت فطرہ کی ادائیگی پر قادر نہ ہو تو چونکہ اُس پر فطرہ واجب ہے ،لہٰذا اُس پر لازم ہے کہ قرض لے کر فطرہ اداکرے ۔
اپنے مالی وتجارتی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
tafheem@janggroup.com.pk