• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیپکو کی جانب سے سکھر میں طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار، شہریوں کومشکلات

سیپکو کی جانب سے سکھر میں طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار، شہریوں کومشکلات

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر الیکٹر پاور کمپنی (سیپکو) انتظامیہ نے بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار رکھ کر شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ متعدد گنجان آبادی والے علاقوں میں خراب ٹرانسفارمرز درست نہ کیے جانے سے علاقہ مکین کئی دن سے بجلی کی سپلائی سے محروم ہیں۔ سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے، مذکورہ علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، ایک جانب گرمی کی شدید لہر نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کررکھا ہے تو دوسری جانب سیپکو انتظامیہ کی جانب سے فنی خرابی سمیت دیگر جواز بناکر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں، سحر و افطار ااور تراویح کے اوقات میں بھی بجلی بند رکھی جارہی ہے جس کی وجہ سے خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد اور گھروں میں اعتکاف کرنیوالے بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں، متعدد مساجد انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف میں بیٹھنے والے افراد کو پریشانی سے بچانے کے لئے جنریٹرز ودیگر متبادل ذرائع کا استعمال کیا جارہا ہے۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے ساتھ شہر کے متعدد علاقوں پرانا سکھر، ریجنٹ سنیما، نیوپنڈ، بھوسہ لائن، مائکرو کالونی، پیر مراد شاہ کالونی و دیگر علاقوں ٹرانسفارمرز خراب ہونے اور تاریں گرنے کے باعث کئی دن سے بجلی کی سپلائی معطل ہے، شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی مسلسل عدم فراہمی سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے اور لوگ ذہنی اذیت میں مبتلا ہورہے ہیں، متاثرہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سیپکو انتظامیہ نے ہماری زندگیاں اجیرن بنادی ہے، اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر خراب ہوجاتے ہیں، پھر اس کی درستگی کے لئے خطیر رقم طلب کی جاتی ہے، نہ دینے پر ٹرانسفارمر درست نہیں کیا جاتا، ماہ رمضان المبارک میں بھی ہمارے علاقوں کو کئی دن سے بجلی کی سپلائی معطل ہے، بالا حکام نوٹس لیکر ناکارہ ٹرانسفارمر درست کروائیں اور بجلی سپلائی بحال کی جائے۔

تازہ ترین