اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آصف علی زرداری نے این آر او کیس میں سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ،منگل کے روز جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ ان پر سیاسی مقدمات بنائے گئے ہیں، خزانہ لوٹنے یا نقصان پہنچانے کے الزامات بھی جھوٹے نکلے ہیں، این آر او کو قانون بنانے میں میرا کوئی کردار نہیں تھا، 2007میں این آر او قانون کے تحت مقدمات واپس لینے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم جب عدالت نے این آر او کو کالعدم قرار دیا تو واپس لیے گئے مقدمات دوبارہ کھول دیئے گئے تھے، آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ان پر خزانے کو لوٹنے اور ملک کو نقصان پہنچانے کا کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا ، میرے خلاف مخالفین نے سیاسی مقدمات بنائے تھے جو دراصل مجھے اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو بدنام کرنے کی کوشش تھی، درخواست گزار فیروز شاہ نے سپریم کورٹ میں زرداری اور پرویز مشرف کے خلاف این آر اوکے ذریعے قومی خزانے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہچانے کے حوالے سے پٹیشن دائر کر رکھی ہے۔