پراتیک ببر کی اہلیہ پریا بینرجی نے شوہر کے والد، بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار اور سیاستدان راج ببر کے خاندان کو شادی کی تقریب میں مدعو نہ کرنے پر جواب دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پراتیک ببر اور پریا بینرجی نے 14 فروری کو شادی کی، تقریب ممبئی میں پایا تکمیل کو پہنچی۔
پراتیک کی والدہ آنجہانی سمیتا پاٹل کے گھر پر منعقدہ تقریب میں جوڑے نے دونوں خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ جشن منایا۔
شادی کی تقریب میں راج ببر، بڑے بھائی آریا اور بہن جوہی ببر کو مدعو نہ کیے جانے پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں، اس معاملے کو مزید ہوا آریا ببر کے انکشاف انگیز بیان نے دی۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 38 سالہ پراتیک ببر نے اپنی شادی میں والد راج ببر کو بلایا تک نہیں، کسی نے اُس کے دماغ پر قبضہ کرلیا ہے، کوئی پراتیک کے فیصلوں پر اثر انداز ہورہا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ببر خاندان سے دور ہورہا ہے۔
اس معاملے پر پریا بینرجی نے وضاحت دی کہ شادی میں خاندان کے تمام اہم ارکان موجود تھے، جشن سے کوئی بھی خاندان کا رکن غائب نہیں تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ افواہیں کیوں زیر گردش ہیں کہ خاندانی ارکان شادی میں غیر موجود تھے، میرے والدین، پراتیک کو پالنے والی خالائیں، اُن کے نانا، نانی موجود تھے۔
پریا بینرجی نے یہ بھی کہا کہ ہر وہ شخص جو اہم تھا، جس کا خاندان سے تعلق تھا، ہمارے ساتھ تھا، خاندان سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی شخص شادی میں شرکت سے محروم نہیں رہا۔