راولپنڈی (نمائندہ جنگ)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس کے ملزم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے ایف آئی اے کو دی گئی مہلت میں 6 اگست تک توسیع دیدی۔ عدالت نے پرویز مشرف کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ضمانت کے بعد بیرون ملک فرار ہو جانے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر کے ایف آئی اے کو حکم دیا تھاکہ ملزم کی پاکستان میں تمام منقولہ وغیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔عدالت نے ملزم کے پلاٹس اور بینک اکائونٹس سے متعلق بیشتر معلومات عدالت کو فراہم کر دی ہیں۔ گزشتہ روز تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی جائیداد بارے معلومات حاصل کرنے کیلئے مزید وقت دیا جائے جس پر عدالت نے سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔