راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) ن لیگی دورحکومت میں ایس ایچ اورہنے والے تین سب انسپکٹروں کو راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں سٹیشن ہاؤس آفیسرتعینات کردیاگیا۔ جمعرات کوجاری ہونے والے احکامات کے مطابق سی پی اوراولپنڈی ڈی آئی جی عباس احسن نے تھانہ ٹیکسلامیں سب انسپکٹرچودھری محمدریاض ،تھانہ کہوٹہ میں سب انسپکٹرندیم ظفراورتھانہ مورگاہ میں سب انسپکٹرملک کاشف کوایس ایچ اوتعینات کر دیا اور ان تینوں نے چارج سنبھال لیاہے،جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پرپنجاب کے تمام اضلاع میں سابقہ دورحکومت کے تعینات تمام ایس ایچ اوزکو کچھ روزپہلے تبدیل کردیاگیاتھا۔ صوبے کے تمام اضلاع میں تعینات انسپکٹروں کودوسرے ریجنز میں بھیج دیاگیاہے اسی پالیسی کے تحت راولپنڈی ضلع کے 29پولیس سٹیشنوں میں دوسرے اضلاع سے تبدیل ہوکرآنے والے انسپکٹروں کوایس ایچ اوزتعینات کرنے کے احکامات دوتین روزپہلے جاری کئے گئے تھے۔ ذرائع کاکہناہے کہ تھانہ ٹیکسلامیں تعینات ہونے والے ایس ایچ اوانسپکٹرصلاح الدین اورتھانہ کہوٹہ کے لگائے گئے ایس ایچ او انسپکٹرساجدمحمودکے بارے میں ان کی تعیناتی کے بعدمعلوم ہواکہ وہ دونوں معطل تھے جس پران کی تقرری کے احکامات واپس لے لئے گئے لیکن جن تین سب انسپکٹروں کوایس ایچ اوتعینات کیاگیاہے وہ تینوں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے دورمیں راولپنڈی میں ایس ایچ اوتعینات تھے سب انسپکٹرمحمدریاض نگران سیٹ اپ کے اعلان کے وقت تھانہ رتہ امرال ،سب انسپکٹرندیم ظفرتھانہ گنج منڈی اورسب انسپکٹر کاشف تھانہ سول لائن کے ایس ایچ اوتھے اس حوالے سے ان تینوں کی تعیناتی پرسوال اٹھائے جارہے ہیں اوراس حوالے سے اسے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی قراردیاجارہاہے اس حوالے سے سی پی اوکامؤقف معلوم کرنے کے لئے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے ریسپانس نہیں دیاانہیں میسیچ بھی کیاگیالیکن جواب موصول نہیں ہوا۔