• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
دلکش چہرے کیلئے جلد کے مساموں کی حفاظت ضروری

چہرے کی جلد کی حفاظت خواتین کو بہت عزیز ہوتی ہے۔ جن خواتین کو کیل مہاسوں اور دیگر جلدی مسائل کا سامنا ہوتا ہے، وہ خواتین اِسی فکر میں رہتی ہیں کہ ان سے کیسے جان چھڑائی جائے، جبکہ جن خواتین کو قدرت نے حسین اور خوبصورت جلد سے نوازا ہوتا ہے، انھیں اس بات کی فکر ہوتی ہے کہ اسےبرقرار کیسے رکھا جائے۔خواتین میں چہرے کی جلد کے حوالے سے ایک مسئلہ مساموں کا ہوتا ہے، جو مختلف وجوہات کے باعث اپنے فطری سائز سے بڑے ہوجاتے ہیں یا کُھل جاتے ہیں۔ چہرے پر موجود مسام اگر کھل جائیں تو وہ چہرے پر نہایت بدنما اثرات مرتب کرتے ہیں۔

چہرے کی جلد کی حفاظت ضروری ہے، کیوں کہ انسان کے چہرے پر ہی سب سے پہلے نظر پڑتی ہے۔ روکھی، پھیکی اور بے جان جلدسے شخصیت کا تاثر اچھا نہیں پڑتا۔چہرے کی جلد کی حفاظت قدیم دور سے ہوتی چلی آرہی ہے۔قدیم مصر میں جلد کو کسنے کے لیے عرق گلاب اور دودھ استعمال کیا جاتا تھا اور رومن عورتیں اپنے چہروں پر پھٹکری کی مالش کیا کرتی تھیں۔جلد کو چکنا اور کسا ہوا بنانے کے لیے یہ قدیم نسخے آج بھی اتنے ہی سود مند اور مؤثر سمجھے جاتےہیں۔ ان نسخوں کے استعمال کی وجہ سے چہرے پر نمودار ہونے والی لکیریں اور چھوٹی چھوٹی جُھریوں کا خاتمہ ہوتا ہے اور چہرے کا رنگ صاف ہو جاتا ہے۔

فیس ماسک، خشک ہونے کے ساتھ ساتھ چہرے پر موجود سارے فالتو تیل اور گردوغبار کے ذرات کو جذب کر لیتے ہیں اور جلد میں کساؤ پیدا کرتے ہیں اور خون کی گردش کو بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔یہ قدرتی فیس ماسک گھر پر بھی تیار کیے جا سکتے ہیں۔تاہم بعض اوقات یہ فیس ماسک حساس جلد یا خشک جلد کے لیے تکلیف دہ ثابت ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ چکنی اور نارمل جلد کو زیادہ فائدہ پہنچاتے ہیں۔

اگر آپ کو اپنے چہرے کے مسام معمول سے زیادہ بڑے نظر آتے ہیں، تو اس کی وجہ مساموں میں جمی گرد اور چکنائی ہے، جو ان میں جمع ہوکر ناصرف انھیں بند کردیتی ہے، بلکہ ان کا سائز بھی بڑھا دیتی ہے جس سے جلد کی خوب صورتی متاثر ہوتی ہے۔ زیادہ کھلے ہوئے مساموں سے نجات حاصل کرنے کا بہترین طریقہ گھریلو ٹوٹکے ہیں، کیوں کہ یہ محفوظ ،سستے اور مؤثر ہوتے ہیں ۔اپنی جلد پر کیمیکلز کا استعمال کرنے کے بجائے چند گھریلو ٹوٹکے استعمال کریں، جو یقیناً کارآمد ہوں گے۔

ٹی ٹری آئل

ٹی ٹری آئل کئی جلدی مسائل کا مؤثر حل ہے۔ چکنی جلد ،ایکنی اور زیادہ کھلے مساموں کے علاج کے لیے ٹی ٹری آئل مفید ہے۔ ایک کپ پانی میں 3سے4قطرے ٹی ٹری آئل شامل کریں اور صاف اسپرے بوتل میں بھر لیں۔ دن میںدو مرتبہ کھلے مساموں پر اسپرے کریں ۔ یہ ٹونرروئی کی مدد سے بھی کھلے مساموں پر لگایا جاسکتا ہے۔استعمال سے پہلے چہرے کو میک اپ یا دوسری آلودگی سے اچھی طرح صاف کرلیں۔

ملتانی مٹی کا فیس ماسک

کھلے مساموں کے علاج کے لیے ملتانی مٹی کا استعمال بہت مؤثر رہتاہے ۔2چمچ ملتانی مٹی کا پائوڈرعرق گلاب میں ملا کر پیسٹ بنالیں ۔ چند قطرے لیموں کا رس شامل کریں اور چہرے پر لگائیں ۔آدھے گھنٹے تک لگا رہنے دیں ۔پھر سادے پانی سے دھو لیں ۔ یہ ماسک مساموںمیں سے چکنائی اور گرد کو صاف کرکے انھیں اپنے نارمل سائز پر لے آئے گا ۔

شکر اور شہد کا اسکرب

شہد میں اینٹی بیکٹیریئل خصوصیات ہیں، شکر کے ساتھ مل کر یہ مساموں کی صفائی کرتا ہےاور انھیں ان کے نارمل سائز پر لے آتا ہے۔ساتھ ہی جلد کی نمی کو بھی برقرار رکھتا ہے۔شکر، مردہ جلد کو ہٹانے میں مدد دیتی ہے۔ ایک کھانے کے چمچ شہد میں ایک کھانے کا چمچ شکر ملائیں اور ساتھ ہی چند قطرے زیتون کا تیل شامل کریں ۔اس اسکرب کو مساموں پر اچھی طرح گولائی میں ملیں ۔اس سے کھلے مسام صاف ہوکر سُکڑ جائیںگے اور اپنے نارمل سائز پر آجائیں گے۔

انڈے کی سفیدی

جلد کی چکنائی ختم کرنے کے لیے انڈے کی سفیدی کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔یہ مساموں کو چھوٹا کرکے جلد میں کھنچائو پیدا کرتی ہے اورزائد چکنائی کے اخراج کو روکتی ہے۔انڈے کی سفیدی کو اچھی طرح پھینٹ لیں، یہاں تک کہ جھاگ بن جائے ۔اس میں دو یا تین قطرے لیموں کا رس شامل کریں ۔20 منٹ تک یا جب تک خشک نہ ہوجائے، لگا رہنے دیں، پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں ۔

بیکنگ سوڈا

زیادہ کھلے مساموں کو نارمل سائز پرلانےکے لیے ایک کپ نیم گرم پانی میں2کھانے کے چمچ بیکنگ سوڈا شامل کریں ۔ناک ،تھوڑی اور ماتھے پر ملیں، اس سے مردہ جلد صاف ہوگی اورمسام صاف ہوکراپنے نارمل سائز پر آجائیں گے ۔

بھاپ لیں

بھاپ مساموں کو گہرائی تک صاف کرکے گرد اور زائد چکنائی کا خاتمہ کرتی ہے۔ہفتے میں ایک مرتبہ بھاپ ضرور لیں اور بھاپ لینے کے بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے بھی دھوئیں، تاکہ بھاپ کی وجہ سے زیادہ کھل جانے والے مسام اپنے نارمل سائز پر آجائیں ۔

بیسن

کھلے مساموں کو چھوٹا کرنے کے لیے بیسن کا استعمال بھی مفید ہے۔اس کا باقاعدہ استعمال جلد کو کھلے مساموں ،ایکنی اوربلیک ہیڈز سے محفوظ رکھتاہے۔2کھانے کے چمچ بیسن میں چند قطرے لیموں کا رس،ایک چٹکی ہلدی اورایک کھانے کا چمچ دودھ شامل کریں ۔ضرورت ہو تو تھوڑا پانی ملاکر پیسٹ بنا لیں۔ 15منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں، پھر دھو لیں۔ کھلے مسام ایکنی کی بھی وجہ بنتے ہیں، اس لیے چہرے کو بار بار چھونے سے گریز کریں ۔ مساموں کو بڑھتا ہو ا دیکھیں تو فوری اقدام کریں۔

ان چند ٹوٹکوں پر عمل کریں، جس کے بعد اپنے چہرے کی جلد میں نمایاں تبدیلی کو محسوس کرکے آپ خوش ہوجائیں گی۔

تازہ ترین