ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے وسطی علاقے کی فضاؤں میں ایک اور دشمن طیارے کو مار گرایا گیا ہے۔
آئی آر جی سی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 45 منٹ پر اسرائیل کے زیرِ استعمال ایک جنگی طیارے ایف 16 فائٹنگ فیلکن کو ایران کے وسطی حصے میں نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طیارے کو آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق جنگ کے ابتدائی تین ہفتوں کے دوران 200 سے زائد فضائی اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن میں ڈرونز، کروز میزائل، ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور جدید جنگی جہاز شامل ہیں۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایران کی مسلح افواج کی فضائی نگرانی اور دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور ملک کا دفاعی نظام اب نہ صرف اپنی فضائی حدود بلکہ خطے میں بھی مؤثر طور پر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔