ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ کر 2 درجن کے قریب اسرائیلوں کو زخمی کردیا۔
اسرائیل پر ایران نے نئے میزائل حملے شروع کردیے، آپریشن وعدہ صادق میں وسطی اسرائیل کے 10مقامات کو میزائلوں کا نشانہ بنایا، اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے کلسٹر وار ہیڈ والے میزائلوں سے حملہ کیا۔
جنوبی اسرائیل کے شہر ڈیمونا میں ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے نتیجے میں تقریباً 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی ریسکیو ادارے میگن ڈیوڈ ایڈم (ایم ڈی اے) کے مطابق میزائل ایک عمارت پر براہِ راست آ کر گرا، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔
ڈیمونا میں ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں میزائل کو شہر پر گرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق میزائل کے ٹکرانے سے ایک عمارت منہدم ہو گئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حملے کے بعد زور دار دھماکہ ہوا اور ملبہ اطراف میں پھیل گیا، جس سے مزید نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسی دوران شہر اور قریبی علاقوں میں ایک بار پھر خطرے کے سائرن بج اٹھے اور لوگ خوفزدہ ہوکر شیلٹز میں بھاگتے ہوئے نظر آئے۔