• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، جی ڈی اے، تحریک انصاف مفاہمت سے پیپلز پارٹی پریشان

سکھر (چوہدری محمد ارشاد) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 206سکھر سے الیکشن لڑرہے ہیں اور وہ صرف ایک نشست پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں لیکن ضلع سکھر میں قومی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں کی مکمل انتخابی مہم کی سربراہی بھی وہ خود کررہے ہیں پیپلزپارٹی کے مد مقابل سندھ میں اس وقت گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) ، تحریک انصاف کے مضبوط امیدوار موجودہیں، جبکہ جی ڈی اے اور تحریک انصاف کی آپس میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ نے پیپلزپارٹی کے لئے مزید مشکلات پیدا کردی ہیں، دوسری جانب پیپلزپارٹی کے لئے مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) ، ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی سمیت دیگر آزاد امیدوار بھی مد مقابل ہیں جس کے باعث پیپلزپارٹی کو ان حالات میں اپنی سابقہ برتری کو برقرار رکھنے کے لئے سخت محنت کرنا پڑرہی ہے۔پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمائوں کو زیادہ محنت کرنا پڑرہی ہے کیونکہ وہ اپنی نشست کے ساتھ ساتھ دوسرے امیدواروں کی نشستوں پر کامیابی کے لئے انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں، شدید گرمی اور حبس کا موسم ہونے کے باوجود پیپلزپارٹی کے بعض رہنما جن میں قابل ذکر سید خورشیدا حمد شاہ ہیں وہ آرام کم اور کام زیادہ کررہے ہیں۔ شاہ ہائوس ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے دوران سید خورشید شاہ رات تین سے چار بجے گھر پہنچتے ہیں اور صبح 7بجے گھر سے نکل جاتے ہیں ، سید خورشید شاہ سکھر سے بلوچستان کے علاقے جعفرآباد میں پیپلزپارٹی کے انتخابی جلسے میں شرکت کے لئے روانہ ہوئے تو راستے میں ان کی طبیعت خراب ہوئی ،سید خورشید شاہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سید خورشید احمد شاہ کی طبیعت بلکل ٹھیک ہے اور وہ حسب معمول اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔

تازہ ترین