منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے ایف آئی اے کے بعد سپریم کورٹ میں بھی پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔
سپریم کورٹ نے کیس میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو طلب کررکھا ہے ،سیاسی حلقوں میں ان کی پیشی کے حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کے ازخود نوٹس کیس میں کل آصف زرداری کے بجائے ان کے وکلا سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے ایف آئی اے کے بعد سپریم کورٹ کے سامنے عدم پیشی کا فیصلہ وکلا ء سے طویل مشاورت کے بعد کیا ہے ۔
وہ کل سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونے پر آمادہ تھے لیکن وکلاء نے انہیں روک دیا۔
نیربخاری کے مطابق جب سپریم کورٹ آصف زرداری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرے گی تو وہ پیش ہوں گے۔
انہوں نے منی لانڈرنگ کیس میں وکلاء کی ٹیم بھی تشکیل دیدی ہے جس میں فاروق ایچ نائیک،لطیف کھوسہ اور اعتزاز احسن شامل ہیں۔