کہا جاتا ہے کہ انسان کی عمر اس کے چہرے سے جھلکتی ہے، اگر آپ اپنا خیال رکھیں تو عمرمحض ایک نمبرہے اوراس کا خوبصورتی اور چہرے سے کوئی تعلق نہیں۔ ہالی ووڈ کی اداکارائیں ہوںیا بالی ووڈ کی ، خوبصورت نظر آنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں، چالیس سال سے زائد عمر میں بھی یہ تیس سال سے کم کی دکھائی دیتی ہیں۔آخر یہ سب کیسے ممکن ہے، اس کا جواب تو صرف یہ اداکارائیں ہی دے سکتی ہیں، تو آئیے جانتے ہیں ایسی ہی کچھ اداکاراؤںکی خوبصورتی کے اہم راز، انہی کی زبانی۔
انجلینا جولی
خوبصورت جلد اور فٹنس سے متعلق جولی کا ایک ہی اصول ہے اور وہ یہ کہ اپنی جلد اور فٹنس کی حفاظت میں کبھی کنجوسی نہ کریں۔ وہ خوبصورتی کے لیے کاویئر(caviar)پر انحصار کرتی ہیں۔ فٹنس کے لیے اناج کا استعمال ان کی بہترین خوراک میں شامل ہے۔ اگرچہ وہ ہالی ووڈ کی دیگر اداکاراؤں کی طرح یو گا کا جنون نہیں رکھتی لیکن ٹرینر کے ہمراہ کک باکسنگ اور کارڈیو ایکسرسائز ان کی پسندیدہ ورزشیں ہیں۔
سارہ جیسیکا پارکر
معروف ہالی ووڈ اداکارہ سارہ جیسیکا پارکر بہترین اور خوبصورت جلد کے حصول کے لیےبیڈ پر جانے سے پہلے جلد کی صفائی پر یقین رکھتی ہیں۔سارہ کے مطابق وہ اپنی جلد سے متعلق کافی محتاط رہتی ہیں اور دن میں کئی بار چہرہ دھوتی ہیں۔ سارہ اپنی مصروف ترین روٹین سے متعلق ایک سیکریٹ شیئر کرتے ہوئے کہتی ہیں’’ اگر میں شوٹ سے تھکی ہوئی گھر پہنچوں تواپنے شوہر سے اکثر کہتی ہوں ،آج بہت تھکن ہے فیس واش کرنے کا موڈ نہیں، تو وہ کہتے ہیں آپ کو ضرورت بھی نہیں، لیکن وہ نہیں جانتی ہیں کہ چہرے کی صفائی ہی اصل خوبصورتی کا راز ہے‘‘۔یہی نہیں سارہ عام روٹین میں بھی موئسچرائزر اور لپ بام لگائے رکھتی ہیں۔
جیسیکا البا
معروف ہالی ووڈ اداکارہ اور کامیاب بزنس وومن، جیسیکا البا ، اپنی خوبصورتی سے متعلق کہتی ہیں کہ چہرےکی اہمیت کا احساس مجھے میری والدہ نے بچپن میں ہی دلایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چہرہ ہی سب کچھ ہے اور ان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وہ سن اسکرین کا استعمال ہمیشہ کرتی ہیں۔ جیسیکا کے مطابق ان کی والدہ کہتی ہیں کہ کپڑے برانڈڈ ہوں یا نہ ہوں میک اپ پراڈکٹس ضرور معیاری ہونی چاہئیں کیونکہ یہاں معاملہ جلد کا ہے۔
ہیلی بیری
۔ہیلی بیری اپنی خوبصورت جلد کاراز بتاتے ہوئے کہتی ہیں کہ جلد کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے وہ ہر دن میک اپ سےپہلے چہرے پر عرق گلاب کاچھڑکاؤ کرتی ہیں اور چند سیکنڈکے لیے عرق گلاب میں چہرے کو ڈبوئے رکھنا بھی ان کے بیوٹی سیکریٹ میں سے ایک ہے۔ہیلی کے مطابق عرق گلاب کے چھڑکاؤ کے بعد میک اپ میں بھی جلد چکنی ،تروتازہ ،نکھری نکھری اور خوبصورت محسوس ہوتی ہے۔
پینی لوپ کرز
آسکرایوارڈ یافتہ اداکارہ پینی لوپ کرز بھی جیسیکا البا کی طرح اپنی والدہ کے مشوروں پر عمل کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خوبصورت اور نرم وملائم جلدکا رازمناسب غذائیت والے کھانوں اور پرسکون نیند میںچھپا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ مجھے یاد ہےکہ ہری سبزیاں میری والدہ کی پسندیدہ ہوا کرتی تھیں، اس کے ساتھ مناسب نیند ان کے معمول کا حصہ تھی اوراب یہی میری روٹین میں بھی شامل ہے۔