ایونجر سیریز کی بلیک وِڈو اور ایجنٹ نتاشا، ’اسکارلیٹ جوہنسن‘ اپنی جِلد کے قدرتی نکھار کو برقراررکھنے کےلیے شہد کی خوبیوں پر بہت یقین رکھتی ہیں۔ وہ کسی بھی بڑی تقریب یا فلم کےپریمیئر میں جانے سے قبل شہد کا فیس ماسک استعمال کرتی ہیں، جو ان کی جِلد کی تمام تر خرابیوں کو دور کرکے اسے قدرتی چمک دیتاہے۔ اوپرا کی مشہور گلوکارہ کیتھرائن جینکِنس اپنے سُروں کو قابو میں رکھنےکےلیے نیم گرم پانی میں شہد گھول کر نوش فرماجاتی ہیں ۔ مشہور ماڈل لزی جیگر اپنے ہونٹوں پر شہد کو لِپ بام کی طرح لگاتی ہیں جبکہ سپر ماڈل پیٹرا نیم کووا اپنی بے داغ جِلدکےلیے شہد کو بطور فیشل کلینزر استعمال کرتی ہیں اور دمکتی جِلد سے سب کو حیران کرتی رہتی ہیں۔
ہمارے ہاں بھی شہد کی افادیت سے سبھی واقف ہیں لیکن اس کوکیسے اور کن اجزاء کے ساتھ ملا کر مختلف فوائد حاصل کیےجاسکتے ہیں، یہ شاید معلوم نہ ہو ،ایسے ہی افرادکے لیے ہم یہ مضمون پیش کررہے ہیں۔
جِلد کی خوبصورتی کیلئے
لیموں اور شہد کا ماسک :لیموں اور شہد دونوں ہی خون کی صفائی کرتے اور جسم سے کیمیائی مادوں کے اخراج میں مدد دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں جلد صاف ہونے لگتی ہے اور اس میں نکھار آجاتا ہے۔لیموں اورشہد کا ماسک پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان کا بھی پسندیدہ ہے ، وہ کہتی ہیں کہ یہ ماسک ان کا چہر ہ صاف کرنے کے ساتھ ساتھ جِلدکو موئسچرائز کرتاہے، اسے نرم اور چمکدار بھی بناتاہے۔
انڈے اور شہد کا ماسک :انڈے کی سفیدی اور شہد کا فیس ماسک بھی جادوئی اثر کرتا ہے، بس آپ کو ایک انڈے کی سفیدی اور ایک چائے کا چمچہ شہد کسی کپ میں مکس کرنا ہے اور پھر اسے آہستگی سے اپنے چہرے سے گردن تک مساج کرتے ہوئے لگانا ہے۔ ماسک کو دھونے کےبعد آپ جگمگاتی ہوئی روشن جلد پائیںگی۔
دودھ و شہد کا ماسک: فوری طور پر چہرے کی جگمگاہٹ حاصل کرنے کا یہ ایک بہترین طریقہ ہے، آدھے کپ تازہ دودھ میں ایک چمچ شہد ملائیں اور اس بیوٹی ماسک کو اپنے چہرے پر لگائیں، آپ چند دن میں فرق محسوس کریں گی۔
وزن میں کمی
وہ افراد جو اپنے وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں انہیں ڈائٹنگ کے بجائے نہار منہ لیموں اور شہد ملا نیم گرم پانی پینا چاہیے،یہ جسم کی فاضل چربی کو گھٹاتا اور وزن میں کمی لاتا ہے۔
کیل مہاسوں کیلئے
اگر آپ کیل مہاسوں اور دانوں سے پریشان ہیں تو ان پر شہد لگانے سے آپ کو کافی افاقہ ہوگا۔ شہد کو روئی میں بھگوئیں اور مہاسوں پر لگائیں، 20منٹ بعد اسے تازہ پانی سے دھولیں۔
آنکھوں کےحلقوں کیلئے
اگر آپ کی آنکھوں کے نیچے حلقے موجود ہیں تو شہد لگانے سے یہ دور ہوجائیں گے۔ایک چمچ شہد اوراتنا ہی بادام کا تیل لیں، انھیں مکس کرکے رات کو سونے سے پہلے آنکھوں کے نیچے لگالیں،صبح اٹھ کر تازہ پانی سے دھولیں۔
پھٹی ایڑھیوں اور جلدکیلئے
پھٹی ایڑھیاں اور جلد نہ صرف بری لگتی ہیں بلکہ ان کی وجہ سے بیکٹیریا اور فنگس جسم میں داخل ہوتے ہیں۔ایک چمچ سیب کا سرکہ اور شہد مکس کریں اور اسے پھٹی ہوئی جلد اورایڑھیوں پر لگاکر 10منٹ بعد تازہ پانی سے دھولیں۔
بالوں کی چمک کیلئے
اگرآپ بالوں کو چمکدار بنانا چاہتے ہیں تو آدھے کپ شہد میں ایک چوتھائی زیتون یا ناریل کا تیل شامل کریں۔پھراسے اپنے بالوں اور ان کی جڑوں میں لگائیں،20منٹ بعد بالوں کودھولیں۔ ہفتے میں ایک بار اسےاستعمال کرنےسے آپ کے بال چمکدار ہوجائیں گے۔
اگرآپ سر کی خشکی یا کسی اور وجہ سے خارش کا شکار ہیں تو ایک کھانے کاچمچ شہد اوراسی مقدار میں پانی لے کرمکس کریں۔اب اس پانی سے سر کامساج کریں اور پانچ منٹ بعد نیم گرم پانی سے سر دھولیں۔ یہ عمل روزانہ کریں، آپ دیکھیں گی کہ کچھ دن بعد خارش اور خشکی ختم ہونے لگی ہے۔