• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز،مریم کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنیکی کوئی تجویز نہیں، علی ظفر

اسلام آباد ( ارشد وحیدچوہدری) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قانون و انصاف بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے کالعدم قرار دی گئی تنظیموں میں سےاگرکوئی نام بدل کرالیکشن میں حصہ لے گا تو اس کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے پاکستان کےمؤقف پر 100 فیصد اثر پڑے گا، الیکشن کمیشن کو ایسی تنظیموں اور افراد کو الیکشن لڑنے سے فورا روک دینا چاہیے۔ عام انتخابات شفاف کرانے میں سو فیصد کامیاب ہوں گے،کوئی بائیکاٹ کرتا ہے تو ذمہ دار خود ہو گا۔نگران حکومت پہ کسی حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ہے،نواز شریف اورمریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرکے صوبائی حکومت نے بالکل درست کیا،نگران حکومت کے لیے عمران خان سمیت کوئی لاڈلہ نہیں ،سب برابر ہیں ، چندہ اکھٹا کر کے ڈیم نہیں بنایا جا سکتا۔ تمام ادارے آئین کے اندر کام کر رہے ہیں ۔جنگ/ جیو نیوز کے نمائندہ خصوصی ارشد وحید چودھری کو خصوصی انٹریو دیتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قانون و انصاف بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کئی تنظیموں اور افراد پہ پابندی عائد کر رکھی ہے اگر ان میں سے کسی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیں گے تو اس کا سو فیصدا ثر فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے پڑے گا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا نگران حکومت نے اس بارے الیکشن کمیشن کو سفارشات بھیجی ہیں تو انہوں نے کہا کہ با لکل ہم نے بات کی ہے اور کہا ہے کہ اگر کوئی انفرادی حیثیت میں الیکشن لڑ رہا ہے تو اس کے بھی خلاف فیصلہ آنا چاہئیے۔ نواز شریف اور مریم نواز کی سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی بارے خبروں پہ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اسلام آبناد منتقلی کا فیصلہ وفاقی حکومت کرتی ہے لیکن ایسی کوئی تجویز وفاقی حکومت ے زیر غور نہیں ، بطور خاتون مریم نواز کی منتقلی بارے استفسار پہ انہوں نے کہا کہ انہیں بھی منتقل کرنے کی تجویز نہیں ہے اور یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ کیا قانون میں ایسی کوئی گنجائش یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کےلیے صوبائی حکومت پنجاب نے جو کیا وہ بالکل درست تھا، عدالتی فیصلے پہ عمل درآمد کیلئے کتنی طاقت کا استعمال کرنا تھا یہ فیصلہ بھی اس کا تھا۔اگر صوبائی حکومت نواز شریف اور مریم نواز کو ائیرپورٹ سے اسی وقت گرفتار نہ کرتی تو یہ غیر قانونی ہوتا، نیب کی درخواست پہ ایک دن جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جو واپس لے لیا گیا ہے،اب اوپن ٹرائل ہو گا جس کے لیے متعلقہ ادارے سیکیورٹی انتظامات کریں۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ تمام ادارے آئین کے اندر رہ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، مسلح افواج صرف سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے کردار ادا کر رہی ہے۔ بیرسٹر علی ظفر نے ایک سوال پر واضح کیا کہ ملک میں چندے سے کوئی ڈیم نہیں بنایا جا سکتا کیونکہ ڈیم کی تعمیر کی لاگت بہت زیادہ ہوتی ہے،قطرے قطرے سے دریا بنتا ہے ا س لیے چندہ محض ایک قطرہ ہے جس سے قوم میں ڈیم کی تعمیر کی اہمیت کا احساس پیدا ہوا ہے،ڈیمز بنانے کےلیے پاکستان کو قرضے لینے پڑیں گے اور حکومت کو بجٹ میں پیسے مختص کرنا ہوں گے، بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ نگران حکومت کےلیے عمران خان سمیت کوئی لاڈلہ نہیں ہے ، اس کےلیے سب سیاسی جماعتیں اور رہنما برابر ہیں، نگران حکومت نہ کسی کو فائدہ پہنچا سکتی ہے اور نہ نقصان کیونکہ وہ مکمل غیر جانب دار ہے، نگران حکومت ہنگای نوعیت کے فیصلے کر سکتی ہے،فا ٹامیں ٹیکس بارے فیصلہ اسی زمرے میں آتا ہے۔
تازہ ترین