راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) آر ڈی اے مری روڈ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے سڑک کے کناروں پر موجود ہر قسم کی موٹر مکینک ورکشاپس اور پنکچر شاپس کے خاتمہ کی تجویز ذمہ دار اداروں کو بھجوائے گی، آر ڈی اے کے شعبہ ٹریفک انجینئرنگ حکام کے مطابق اس حوالے سے تجاویز تیار کر لی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ جمشید آفتاب کا کہنا تھا کہ مری روڈ پر جس ایریاز میں موسائیکلوں وغیرہ کی ورکشاپس کھلی ہوئی ہیں ان کی وجہ سے ایک لائن میں ٹریفک چل ہی نہیں پاتی ، آدھی سے زیادہ لائن پر موٹر مکینک نے موٹرسائیکلیں کھڑی کی ہوتی ہیں جو ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہی ہوتی ہیں ، اسی طرح مری روڈ پر پنکچر کی دکانیں بھی نہیں ہونی چاہئیں کیونکہ جہاں بھی یہ دکانیں ہیں لوگ گاڑی سڑک پر ہی کھڑی کر کے ٹائروں کو پنکچر لگوا رہے ہوتے ہیں اگر ان دو چیزوں کو مری روڈ سے ختم کر دیا جائے تو ٹریفک کی روانی میں خاصی حد تک بہتری آسکتی ہے۔واضح رہے کہ شہر میں ٹریفک روانی کیلئے پالیسی دینا بھی آرڈی اے کی ذمہ داری ہے مگر اس حوالے سے جب بھی کوئی کام کیا گیا وہ عارضی ثابت ہوا ، شاید ہی کبھی ٹریفک کا مستقل طور پر کوئی حل نکالا گیا ہو۔