گرینڈ اپوزیشن الائنس کا اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار سامنے آگیا ہے۔ 2013 ء سے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کا کردار بخوبی ادا کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا نام اسپیکر کےلئے لیا جارہا ہے۔
ن لیگ ،پی پی اور ایم ایم اے سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وزیراعظم ،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار فائنل کرلئے ہیں تاہم امیدواروں کے نام سامنے نہیں آئے ،لیاقت بلوچ نے کہا تھاکہ الیکشن کے روز نام سامنے لائے جائیں گے۔
اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی طے کرچکی ہیں کہ وزیراعظم کا امیدوار ن لیگ سے ہوگا ،اس لئے قومی امکان ہے کہ شہبازشریف قومی اسمبلی میں عمران خان کا مقابلہ کریں گے۔
اسپیکر کے لئے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو راستہ دینے کا فیصلہ بھی اپوزیشن جماعتیں کرچکی ہیں ،اب خورشید شاہ کا نام سامنےآرہا ہے ۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق پیپلزپارٹی نے خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا ہے اور وہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے امیدوار ہوں گے۔
ترجمان چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا تھا اور بلاول بھٹو زرداری نے مشاورت کے بعد خورشید شاہ کے نام کی منظوری دی۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سکھر سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور وہ گزشتہ دور حکومت میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تھے۔