• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
عالمی سطح پر مستقبل کے اہم ترین شعبے

مستقبل کے اہم ترین شعبے کون سے ہیں ؟عالمی سطح پرکن شعبوں کی ڈیمانڈ اگلی دہائی میں سب سے زیادہ ہوگی ؟ کون سے شعبے مستقبل میں کامیاب کیریئرکی ضمانت بن سکتے ہیں ؟

ان سوالات کے جوابات مختلف لوگ مختلف دے سکتے ہیںلیکن ہم میں سے کوئی بھی مستقبل میں ہونے والی تبدیلیوں کی پیشن گوئی نہیں کرسکتا۔ تاہم اعدادوشمار کی بنیاد پر ماہرین مستقبل کے بہترین شعبوں سے متعلق آگاہی ضرور فراہم کرسکتے ہیں۔ امریکا کے بیورو آف لیبر اسٹیٹکس (بی ایل ایس) کی جانب سے گزشتہ برس اکتوبر میں جاری رپورٹ میں بہترین شعبوں اور آئندہ دس برسوں (2016-2026)کے دوران ملازمتوںسے متعلق اعداد وشمار فراہم کیے گئے تھے۔ یہ اعداد وشمار مستقبل کے اہم ترین شعبوں سے متعلق آگاہی میں مدگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگرچہ ان اعداد وشمار کا تعلق امریکا اور اس کی اردگرد پھیلی ریاستوں تک محدود ہے لیکن یہ پیشے آئندہ برسوں تک کسی بھی ملک کے لیے بہترین شعبوں کی صورت میں کامیابی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

رجسٹرڈ نرسز

نرسنگ کا پیشہ اس وقت ایک ایسا پیشہ ہے، جس میں تربیت یافتہ افرادکی اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک شدید مانگ ہے اوراس میں معقول معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ یہ ایک محترم اور باوقار پیشہ ہے، مستقبل میں اس شعبے کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ صرف امریکا میں2026ء تک رجسٹرڈ نرسوں کی نئی تعداد میں 4 لاکھ 37ہزار تک کا اضافہ ہوجائے گا، جس کے سبب یہ شعبہ دنیا کے اہم ترین شعبوں میں شامل کیا گیاہے۔ عالمی ادارہ برائے صحت کے اعداد وشمار کے مطابق 26لاکھ 69ہزار603کی تعداد کے ساتھ سب سے زیادہ نرسیں امریکا میں ہیں۔ اکنامک سروے آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں 62 ہزار 651 نرسیں ہیں اور ہر دس ہزارآبادی کے لیے صرف 5 نرسیں ہیں۔

سوفٹ ویئر ایپلیکیشن

آج کے جدید دور میں شاید ہی کوئی شخص ہو جو کسی سوفٹ ویئر پروگرام کو استعمال نہ کررہا ہو۔ گھڑی کے الارم، کیلکولیٹر، موبائل فون، مائیکروویو اوون، انٹرنیٹ اور ویب کا وسیع جہاں، ان سب کے پیچھے مختلف سوفٹ ویئرز ہی ہیں جن کی وجہ سے ہماری زندگی بہت آسان ہوچکی ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں انقلاب سوفٹ ویئر پروگرامنگ ہی کی بدولت ہے، مستقبل میں اس شعبے کی اہمیت میں مزید اضافہ ہونے جارہا ہے۔ 

امریکی اعدادوشمار کے مطابق 2026ءتک اس شعبے میں نئے آنے والے طلباء وطالبات کی تعداد 2لاکھ52ہزار400ہوجائے گی۔ اس شعبے میں مستقبل بنانے کے لیے گریجویشن ضروری ہے، جس کے بعد سرٹیفیکٹ اور ڈپلومہ کورسز کرکے آپ ایک بہترین مستقبل بنانے میںکامیاب ہوسکتے ہیں۔

جنرل اینڈ آپریشن مینجر

آپریشن مینجر کسی بھی تنظیم یا ادارے کا اہم فرد ہوتا ہے، جو تنظیمی حکمت عملی، پالیسیوں اور ترقی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آپریشنل مینجر طویل مدتی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جن میں آپریشنل اتھارٹی کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور تمام مالیاتی وانتظامی سرگرمیوں کی نگرانی بھی شامل ہے۔ مستقبل کے اہم ترین شعبوں میں اس شعبے کو بھی شامل کیا گیا ہے، اس شعبے سے متعلق اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ آئندہ برسوںتک(2026ء) اس میں آنے والے افراد 2لاکھ 5ہزار900تک تجاوز کرجائیں گے۔

اسپیشلسٹ فزیشن اور سرجن

ایم بی بی ایس کی ڈگری کے بعد اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراداعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کسی مخصوص فیلڈ کا انتخاب کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں ان اسپیشلسٹ فزیشن اور سرجن کی بڑھتی مانگ کے سبب یہ مستقبل کے اہم ترین شعبوں میں سے ایک ہے۔ 2026ءتک صرف امریکا میں نئے سرجن اور اسپیشلسٹ فزیشن کی تعداد میں ایک تخمینے کےمطابق 49,600طالب علموں کا مزید اضافہ ہوجائےگا۔

اکاؤنٹس اینڈ آڈیٹر

کسی بھی تنظیم کا ڈھانچہ اکاؤنٹس کے شعبے کےبنا مکمل نہیں ہوسکتا۔ کمپنی کے مالی معاملات اور آپریشنل امور (آڈٹ ) کےلیے آڈیٹر کا انتخاب کیا جاتاہے، کسی بھی کمپنی میں دو طرح کے آڈیٹر ہوتے ہیں۔ انٹرنل آڈیٹر کمپنی کا باقاعدہ ملازم ہوتا ہے، جو کمپنی کے اندرونی معاملات کو دیکھتا ہے اور کمپنی کے اندر چیک اینڈ بیلنس رکھتا ہے۔ ایکسٹرنل آڈیٹر وہ شخص ہوتا ہے، جو باقاعدہ کمپنی کا ملازم نہیں ہوتابلکہ یہ کسی آڈٹ فرم کا نمائندہ ہوتا ہے، اسےاسٹیچوٹری آڈیٹر کہتے ہیں۔جب بھی مطلق آڈیٹر بولا جائے تو اس سے مراد اسٹیچوٹر ی آڈیٹرہی ہوتا ہے۔ مستقبل میں یہ شعبہ مزید ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔

سولر انرجی ٹیکنیشن

دنیا بھر میں سولر انرجی کا بڑھتا استعمال سولر ٹیکنیشن کی اہمیت میں اضافہ کررہا ہے۔ گذشتہ چند برسوں سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتو ں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوگئی ہےاور بجلی کی بڑھتی مانگ کے سبب مغربی ممالک سمیت مشرقی ممالک کی عوام سولر انرجی کی جانب راغب ہورہی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کےاستعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیاہے اوراسی وجہ سے سولر انرجی ٹیکنیشن مستقبل کا اہم ترین شعبہ ہوسکتا ہے۔

بائیو میڈیکل انجینئر

یہ انجینئرنگ کا ایک ابھرتا ہوا شعبہ ہے ، جو دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ تحقیق ، ترقی ، اور روزگار کے لئے بھی زبردست ہے۔ اس میں انجینئرنگ کے اصولوں اور تراکیب کا مطالعہ اور انجینئرنگ میں اس کے استعمال کی وضاحت کی جاتی ہے۔ یہ حیاتیات اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے طبی علوم میں تکنیکی علم کا ایک مجموعہ ہے ۔ اس میں دو متحرک شعبوں ، طب اور انجینئرنگ، کے اصولوں کو اکٹھاکیا گیا ہے۔ 

وہ لوگ جو دوسروں کی صحت کی دیکھ بھال اور مشین استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں، ان کے لیے یہ ایک مناسب پیشہ ہے۔ عالمی سطح پر بھی اس شعبے کی قدرومنزلت میں اضافہ متوقع ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے مستقبل کے اہم ترین شعبوں میں سے ایک تسلیم کیا گیا ہے۔

تازہ ترین