• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوستوں سے ادھار لے کر ہاکی پلیئرز کو پیسے دیے، سجاد کھوکھر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہاکی میں عزت سے آیا تھا اور عزت سے ہی جائوں گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکرٹری اولمپئن شہباز سینئر،ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمینز، منیجر حسن سردار، کپتان رضوان سینئر اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دوستوں سے پیسے ادھار لے کر کھلاڑیوں کے لئے رقم کا انتظام کیا ،ان کے باقی ماندہ واجبات بھی جلد ادا کردیں گے ہماری منظور کردہ گرانٹ20کروڑ روپے نئی حکومت سے جلد ملنے کی امید ہے ،ہم نے کوئی چوری نہیں کی جو نئی حکومت ہمیں فوری ہٹا دے گی البتہ اگر وہ ہماری کارکردگی سے مطمئن نہیں تو بے شک ہٹا دے۔ سیکریٹری اولمپئن شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ اپنے خلاف پروپیگنڈے سے نہیں ڈرتا ، میں چاہتا ہوں کہ ہمارا میڈیا ایشین گیمز سے فائنل سے پہلے قومی ٹیم پر تنقید نہ کرے یہ وقت تنقید کا نہیں بلکہ قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کا ہے۔ ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمینز کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے ۔ دریں اثنا ایشین گیمز میں شرکت کیلئے پاکستان کا 18 رکنی دستہ جمعے اور ہفتے کی شب جکارتہ روانہ ہوگیا۔

تازہ ترین