• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وجودِ زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ‘ سجنا، سنورنا اور خوبصورت لگنا صنف نازک کا پیدائشی حق ہے۔ ہر لڑکی اور عورت کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ سب سے منفرد نظر آئے، اپنے آپ کو سنوارنے کے لیے وہ مختلف طریقے اپناتی ہے اور خود کو بنانے اور سنوارنے پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔ خوبصورتی کے ساتھ ناخنوں کی تراش خراش اور لباس کی مناسبت سے رنگا رنگ نیل پالش کا استعمال خواتین کے میک اَپ اور تیاری کا لازمی حصہ ہے۔ آج کل خواتین میں ناخنوں کو پُرکشش اور جاذب نظر بنانے کا رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔

ہردن بدلتے فیشن کے ساتھ میک اَپ کے انداز میں نمایاں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں، وہیں ناخنوں کی سجاوٹ اور انہیں کلر کرنے کے اسٹائل بھی تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ ناخنوں کی سجاوٹ کا ایک اسٹائل نیل آرٹ ڈیزائن بھی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج کے جدید دور میں حسین ناخنوں کو اچھی شخصیت کا اہم جزو سمجھا جارہا ہے، جس کی وجہ سے آجکل لڑکیوں میں ناخنوں کو دلکش اور حسین بنانے کا شعور بھی زیادہ پایا جاتا ہے۔ آپ کے ناخن نہ صرف ہاتھوں کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ آپ کی باڈی لینگویج کو بھی بدل دیتے ہیں۔

نیل آرٹ بنانے کے لیے ضروری نہیں کہ آپ کسی شادی یا تقریب کا انتظار کریں بلکہ دوسروں سے منفرد نظر آنے کے لیے بھی آپ اپنے ناخنوں پر مختلف ڈیزائن بناسکتی ہیں۔ نیل آرٹ کے لیے ناخنوں کا لمبا ہونا ضروری نہیں، خواتین کے کٹے ہوئے چھوٹے ناخنوں کو خوبصورت بنانا بھی نیل آرٹ کا کمال ہے۔ آپ بھی اپنے ناخنوں کو نیل آرٹ کے ذریعے خوبصورت بناسکتی ہیں، جس کا تاثر صرف ناخنوں کی حد تک ہی نہیں رہے گا بلکہ اس کا اچھا تاثر آپ کی خوبصورتی اور مجموعی شخصیت میں بھی جھلکے گا۔ ناخنوں کو نیا ڈیزائن اورخوبصورت شکل دینےاور انھیں سجانےکے لیے کچھ ڈیزائن یہاں پیش کیے جارہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ آپ کی رہنمائی کریں گے۔

میگنیٹک نیل

ایک ایسی نیل وارنش بازار میں دستیاب ہے، جس میں لوہے کے رنگ برنگے ذرات شامل ہوتے ہیں۔ آ پ اسے ایک مقناطیس کے ذریعے اپنے ناخنوں پر لگا سکتی ہیں، جو اس نیل وارنش کے ساتھ ہی ملتا ہے۔ یہ ایک محنت اور وقت طلب سجاوٹ ہے، جس کے لیے آپ کو ایک وقت میں ایک ناخن کو سجانا ہوگا اور اس کے بعد اگلے ناخن کی جانب بڑھنا ہوگا۔ سب سے پہلے پالش کا ایک کوٹ لگائیں، اس کے بعد مقناطیس کے رنگ برنگے ذرات چند سیکنڈ تک اس کی جگہ پر رکھیں۔ پھر اس آرٹ پیٹرن کو مضبوط یا سیل کرنے کے لیے اس کے اوپر نیل وارنش کا کوٹ لگائیں، اس پالش کے ذریعے آپ اپنی پسند کے مختلف ڈیزائن بنوا سکتی ہیں۔ ڈیزائن کا دارومدار آپ کی تخلیقی صلاحیتوں پر ہے، آپ اس میں متعدد طرح کے تجربات بھی کرسکتی ہیں، جو آپ کی شخصیت اور موڈ کے مطابق ہوں۔

ویلوٹ نیل

اس نیل وارنش کے ذریعے آپ اپنے ناخنوں کو مخملیں تاثر دے سکتی ہیں۔ یہ ایک سیٹ ہوتا ہے جس میں نیل وارنش ،ویلوٹ پا ؤڈر اور ایک برش شامل ہوتا ہے، جس کے ذریعے نیل وارنش لگانے کے بعد ویلوٹ پاؤڈر لگا کر ناخنوں کو مخملیں انداز میں آراستہ کیاجاتا ہے۔

نیل آرٹ ریپس

نیل آرٹ ریپس،کسی بھی مشکل میں پڑے بغیر ناخنوں کو بآسانی سجانے کا ایک نیا ٹرینڈ ہے۔ یہ مختلف ڈیزائنوں پر مبنی اسٹیکر ہوتے ہیں، جنہیں آپ ناخنوں پر چپکا سکتی ہیں اور پھر اپنے ناخنوں کی شیپ کے مطابق انہیں فائل کر سکتی ہیں۔

فرینچ مینی کیور کا نیا انداز

اب روایتی فرینچ مینی کیور کو نیل آرٹ کا نیا انداز دیا گیا ہے، لہٰذا فرینچ مینی کیور کا مخصوص پنک اور وائٹ کامبی نیشن بھول جائیں اور زردی مائل سبزبیس استعمال کریں۔ناخنوں کے سِروں کو آپ گہرا لال یا سلور شیڈ دے سکتی ہیں، جو رات کی تقریبات کے لیے بہت موزوں ہوگا۔

تھری ڈی نیل

آج کا دور تھری ڈی کا دور ہے، جہاں ہر صنعت اور ہر کام میں تھری ڈی کو استعمال میں لایا جارہا ہے، ایسے میں نیل آرٹ بھلا کیوں پیچھے رہتا۔ تھری ڈی نیل، ایک ایسا سیٹ ہےجو پالش،موتیوں اور برش پر مبنی ہوتا ہے۔ اس کے ذریعے آپ اپنے ناخنوں کو تھری ڈی آرٹ کا تاثر دے سکتی ہیں۔ ایک وقت میں ایک ناخن کو پینٹ کریں، نیل پالش کے دو کوٹ لگائیں، اس کے بعداس کے اوپر ننھے منّے موتی بکھیر دیں اور انہیں برش کے ذریعے سیٹ کر لیں۔ ناخنوں کو خشک ہونے کے لیے 15منٹ کا وقت دیں۔

تازہ ترین