• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

’تاریخی لمحے پر دعوت میری لیے بڑے مان کی بات ہے‘


بھارتی سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے ایوان صدرآمد پر کہا کہ عمران خان سے امید اور آس ہے، اس تاریخی لمحے پر دعوت میری لیے بڑے مان کی بات ہے۔

نو منتخب وزیرا عظم عمران خان اب سے کچھ دیرمیں بائیس ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے،ان کی حلف برداری کیتقریب میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،نوجوت سنگھ سدھو، وسیم اکرم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ایوان صدر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

تقریب میں شرکت کیلئے نوجوت سنگھ سدھو خصوصی طور پر پاکستان تشریف لائے ہیں، ان کے علاوہ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے تھے۔

نوجوت سنگھ سدھو نے اس موقع پر  کہا کہ لوگوں کو جوڑنے والوں کو عزت ملتی ہے اورہم جوڑنےوالے ہیں ، عمران خان کی حکومت اس ملک کا امیج اور مثبت تاثر دنیا میں بہتربنائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پاکستان کے بائیسویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔

بھارتی شخصیت وکرم مہتااور عمران خان کےدوست نے بھی ایوان صدر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان سے بہت اچھی امیدیں وابستہ ہیں،۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ایوان صدر پہنچنے پر کہا کہ جب سے الیکشن ہوئے سب کے چہرے پر خوشیاں ہیں،میں بہت پرجوش ہوں آج کے لمحات تاریخ کا حصہ بن رہے ہیں،عمران خان کا بیک گراؤنڈ سیاسی نہیں اپنے پیروں پر خود کھڑے ہوئے،وہ نوجوانوں کی امید ہیں۔

اداکار ہدایت کار جاوید شیخ کا کہناہے آج نیاپاکستان بننےجارہاہے ، اس بار عوام نے14اگست جس طرح منایا وہ خوشی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔

پی ٹی آئی کی نو منتخب ایم این اے زرتاج گل کا کہنا ہے ان کا ایم این اے بننا عمران خان کے وژن کا نتیجہ ہے جو نوجوانوں کو آگے لانا چاہتے ہیں.

اسپیکر خیبرپختون خوا اسمبلی مشتاق غنی کا کہنا ہے کرپشن کا خاتمہ اور استحکام ہوگا، عمران خان کے سو روزہ ایجنڈے کا آج پہلا دن ہے ۔

اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی چوہدری سرور نےکہا کہ آج بہت تاریخی دن ہے،دعاہےپاکستانیوں کی امیدوں پر پورا اتر سکیں۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے عمران خان نے ہمیشہ پسے ہوئے مظلوم طبقے کے بارے میں سوچا۔ ان کی کوشش ہے ایسے طبقے کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کیے جاسکیں۔

شاہ محمود قریشی کہتے ہیں عمران خان کی شکل میں لوگوں کو امید دکھائی دی ہے ، عمران خان کو منتخب اورتعینات کرنےکاتجربہ بھی ہے۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ تقریب کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا جائے گا جس کے بعد کابینہ سیکریٹری صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کریں گے۔

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے اُن کے عہدے کا حلف لیں گے اور پھر وزیراعظم حلف کی دستاویز پر دستخط کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد وزارت عظمیٰ تک پہنچے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والے لیڈر آف دی ہاؤس کے انتخاب میں شہباز شریف کے 96 ووٹوں کے مقابلے میں 176 ووٹ حاصل کیے تھے۔

تازہ ترین
تازہ ترین