کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام میرے مطابق میں گفتگو کرتے ہوئے معروف تجزیہ کار ، صحافی اور کالم نگار حسن نثار نے کہا ہے کہ عمران نے 9 دن میں عشروں کی عیاشی، بدمعاشی کی پوری تاریخ کو ریورس کردیا ہے اور تنقید کرنے والے بدنیت لوگ ہیں ۔ نو دن میں اس نے تمام صوابدیدی فنڈ ختم کردیئے ، بیرون ملک علاج پر پابندی لگادی بیرون ملک فرسٹ کلاس میں سفر ختم کردیا ہے 9 دن میں عمران نے سیاسی نوسربازوں کی ساری بازی پلٹ کر رکھ دی ہے ۔ عمران نے جو کام نو دن میں کردیا ہے یہ ملک کا کلچر تبدیل کردے گا رویئے تبدیل کردیں گے جو ہماری بنیادی ضرورت بھی ہے ۔ شجیعہ نیازی کے سوال کہ عمران کو نیکٹا کیجانب سے 6 تھریٹ الرٹ جاری کئے گئے ہیں جس کے جواب میں حسن نثار کا کہنا تھا کہ عمران کو بہادری سے زیادہ جرات کی ضرورت ہے اس کے کندھوں پر کروڑوں لوگوں کی آس ، امید کا بوجھ ہے ۔تاہم عمران کو جو ضرورت ہے وہ سیکورٹی لینا ہے یہ نہ لینا حماقت ہوگی ۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بناپائے گی کے جواب میں حسن نثار کا کہنا تھا اس کے لئے ن لیگ کی کمٹمنٹ بھی ان کے منشور میں شامل تھی اب اگر وہ عمران دشمنی میں پاکستان دشمنی پر اتر آئے تو لوگ ان پر تھوکیں گے اور جان جائیں گے کہ یہ بدنیت ہیں اور انہیں ملک سے زیادہ اپنی فکر ہے کہ عمران فیل ہوجائے توسرائیکی بیلٹ دونوں کو بے ایمان ، چوری اور بددیانت سمجھ کر فارغ کردے گی ۔ اوورسیز پاکستانی پنجاب کے دفتر بند کرنے کے سوال پر حسن نثار نے کہا یاد رکھیں ہر آدمی ناں ہی احد چیمہ ہے ناں فواد حسن فواد ، اوورسیز پاکستانی پنجاب شہباز شریف کے جو دو چار اچھے کام ہیں ان میں سے ایک ہے اس کے علاوہ پنجاب فوڈ اتھارٹی بھی قابل تعریف کارنامہ ہے ۔ گھروں اور ملک میں فرق نہیں ہوتا گھروں میں بھی وزارت خارجہ ہوتی ہے،اگر گھر میں کوئی مسئلہ ہو تو پہلی چیز اخراجات کم کئے جاتے ہیں ، ملک ایک بہت بڑے گھر کی صورت ہے ۔پرویز رشید کے بیان کہ اعتزاز احسن جیل جاکر نواز شریف سے معافی مانگیں تو پھر انہیں صدارتی حوالے سے ووٹ دیں گے کے جواب میں حسن نثار نے کہا رسی جل گئی مگر بل نہیں گئے لیکن جاتے ہی جائیں گے ۔ پہلے تو یہ لوگ معافی مانگیں جو 22 کروڑ لوگوں کے مجرم ہیں اربوں ، کھربوں لوٹ کر کھاگئے ۔ وراثت کیس میں چیف جسٹس کے بہن کے حق کے حوالے سے ریمارکس پر حسن نثار کا کہنا تھا جہنمی ہیں وہ لوگ جو بہنوں کا حق ماریں ،لوگوں کو اپنے ذہنوں میں یہ بات رکھ لینی چاہئے کہ ان کے سارے حج ، عمرے ، زکواتیں سب کچھ اکھٹا کرلیں مگر یہ چیزیں بہن کے آنسوؤں پر بھاری نہیں ہوسکتیں ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمسائیوں کے حقوق اس طرح بیان فرمائے تھے کہ صحابہ سوچ میں پڑگئے تھے کہ جائیداد میں بھی حصہ نہ ہو ۔ چیف جسٹس کے سینے میں جو زبان اور دل ہے یہ عطا ہوجائے ہمارے ملک کے 25فیصد حکمرانوں کو بھی تو 100 فیصد کے دکھ دور ہوجائیں ۔ بیرسٹر ولید اقبال کے عمران خان کی خالی نشست پر الیکشن لڑنے کے حوالے سے حسن نثار نے کہا کیا ہم نے علامہ اقبال کو اس کے شعر بھیجنے اور مثال دینے کے لئے رکھا ہوا ہے اورکسی بھی پارٹی کے لئے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ علامہ اقبال پوتا ان کی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑے ۔عمران خان کی ریٹنگ پر بات کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا بابائے قوم ،ذوالفقار علی بھٹو ، مصطفی کمال اتاترک ، طیب اردگان کی تصاویر کو برابر برابر رکھا جائے اور ساتھ ہی عمران خان کی تصویر کو بھی رکھا جائے اور پھر غور سے دیکھا جائے تو ان کے چہروں پرذہانت نظر آئے گی ۔اس کے بعد نواز شریف کی تصویر رکھو اور پھر تمہارے دل سے جو آواز آئے وہ کسی کو نہ بتانا ۔