عیدالاضحیٰ ختم ہوگئی مگر کراچی کے مختلف علاقوں میں آلائیشیں اور جانوروں کی باقیات اب تک موجود ہیں۔ صفائی نہ ہونے کے باعث ان علاقوں میں تعفن پھیل رہا ہے۔
عید قرباں کے تین روز گزرنے کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں سے آلائشیں اور جانوروں کی باقیات نہیں اٹھائی جا سکی ہیں۔
کراچی کے علاقے پنجاب کالونی، سولجر بازار، لائنز ایریا،نارتھ کراچی اور سرجانی کے مختلف علاقوں میں کچرا کنڈیوں اور سڑک کنارے آلائشیں اور جانوروں کی باقیات موجود ہونے کے باعث تعفن پھیل رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تعفن کے باعث بیماریاں پھوٹنے کا بھی خدشہ ہے۔ مکینوں نے کراچی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے علاقوں سے آلائیشیں فوری اٹھائی جائیں۔